ڈینگی کا خاتمہ حکومت کی اہم ترجیح ہے، موجودہ موسم میں ڈینگی کی افزائش کو روکنا انتہائی اہم ہے، طارق علی بسرا

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 02اگست2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ مون سون سیزن کے دوران ان ڈور ، آوٹ ڈور سرویلنس کی کاروائیوں کو مذید تیز کریں تاکہ کہیں سے بھی ڈینگی کی افزائش ممکن نہ ہوسکے، انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کی روک تھام کیلئے تمام محکموں کے ضلعی افسران اپنی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے سر انجام دیں ، انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ (ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی)ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈی ایچ او ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ ،ڈی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر خالد عباسی، ڈاکٹر رضوان تابش،سی او میونسپل کمیٹی پھالیہ عرفان گوندل کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس،ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک،ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتے کی کاروائی کے مطابق ہاٹ سپاٹ جگہوں کی چیکنگ کے دوران لاروے پائے جانے پر فوری طور پر مکینیکل لاروا سائیڈنگ کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔

ڈاکٹر الیاس گوندل نے بتایا کہ 518 ٹیموں نے ان ڈور 78 ہزار 175 گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ آﺅٹ ڈور 9 ہزار 980 گھروں کو چیک کیا۔اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت 3 لاکھ 40 ہزار 329 کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت 40 ہزار 905 کنٹینرز چیک کئے گئے اور ہاٹ سپاٹ کوریج 100 فیصد رہی۔انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر 767 نوٹسز بھی جاری کئے گئے ہیں ۔

بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ موجودہ موسم میں ڈینگی کی افزائش کو روکنا انتہائی اہم ہے اس سلسلے میں انسداد سرگرمیوں میں کوئی کمی و کوتاہی نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام محکمے اینڈرائیڈ فونز کے استعمال کرتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے اپ لوڈ کریں اس سلسلے میں فرضی کاروائیں نہیں ہونی چاہیئں۔ انہوں نے کہاکہ ڈینگی مچھر کے خاتمے کیلئے سرکاری محکموں کے ساتھ کمیوننٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کمیوننٹی کے عملی تعاون کے بغیر مچھروں کی افزائش گاہوں کا خاتمہ ممکن نہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں