سیکرٹری ٹرانسپورٹ کے چھاپے، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 31 گاڑیوں کے چالان، 54 ہزار روپے جرمانہ کر دیا

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 19 جولائی2021 )ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملک محمد طاہر نے شہر کے مختلف بس سٹینڈز کا اچانک دورہ کیا، انہوں نے کورونا ایس او پیز اور مسافروں کیلئے دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے مختلف شہروں کا سفر کرنے والے مسافروں سے بھی ملاقات کر کے کرایوں کی وصولی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

انہوں نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 31گاڑیوں کے چالان کرتے ہوئے 3 گاڑیوں کو ضلع کے مختلف تھانہ جات میں بند جبکہ مجموعی طور پر 54ہزار روپے جرمانہ بھی کیا۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو سو فیصد یقینی بنائیں۔ حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز اور گاڑی مالکان کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں میں70فیصد مسافروں کو بٹھایا جائے جبکہ ڈرائیورز، کنڈیکٹرز کے علاوہ تمام سواریوں کا ماسک پہننا لازم ہے اور سواریوں کیلئے سینیٹائزر کے استعمال اور سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھا جائے اس پر کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ماسک نہ پہننے والی سواریوں میں فری ماسک تقسیم کئے اور انہیں آئندہ ماسک پہن کر سفر کرنے کی بھی سختی سے ہدایت کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے بالخصوص ٹرانسپورٹر حضرات اور مسافروں، ویٹنگ ایریاز اور گاڑیوں میں سفر کے دوران سماجی فاصلے اور فیس ماسک کے استعمال پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔ملک محمد طاہر نے ٹرانسپورٹر حضرات کو ہدایت کی ٹرانسپورٹ اڈوں پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور سہولیات کی دستیابی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی غفلت ، سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں