ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین نے تمام محکموں کو عید الاضحی پر انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 17 جولائی2021 )ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جوصبرو تحمل، رواداری ،اتفاق و اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں علمائے کرام ہمیشہ کی طرح عوام الناس میں ہم آہنگی، محبت و اخوت اور برداشت کو فروغ دے کر امن و سلامتی کی فضا برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں۔انہوں نے کہاکہ عید الضحیٰ کے موقع پر علمائے کرام عید کے اجتماعات میں عوام الناس کو کورونا ویکسی نیشن اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں عید الضحیٰ کی تیاریوں کے انتظامات اور ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کھوکھر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، جنرل محمد شفیق، فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر منڈی امتیاز علی بیگ، پھالیہ ساجد منیر کلیار، ملکوال عثمان غنی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، تینوں تحصیلوں کے سی اوز، لائیو سٹاک،سیکرٹری آر ٹی اے، ریسکیو 1122، ممتاز علمائے کرام ،ممبران بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی، انجمن تاجران کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کے خدشات ہیں، عوام النا س کو کوونا وائرس سے بچاﺅحکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت عوام الناس کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے کوونا ویکسی نیشن کی دستیابی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے ۔ انہوں نے علماءکرام سے اپیل کہ وہ عید کے اجتماعات میں لوگوں کو کورونا ویکسی نیشن اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے خصوصی آگاہی فراہم کریں تا کہ خود کو اور اپنے پیاروں کواس وبا سے محفوظ رکھا جا سکے ۔

یہ بھی پڑھیں: منڈی بہاوالدین کی مساجد و عید گاہوں میں عید الضحی کی نماز کتنے بجے ادا کی جائےگی؟ اوقات کار دیکھیں

انہوں نے سی او ایم سیز کو ہدایت کی کہ عید کے موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہیئں، مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی کے ساتھ ساتھ پانی کے چھٹرکاﺅ اور جراثیم کش چونے کا بھی چھٹرکاﺅ کیا جائے۔ عید کے موقع پر شہر کا وزٹ کر کے اس عمل کی خود نگرانی بھی کروں گا۔انہوںنے کہاکہ ہم کم وقت میں صاف ستھرا شہر دیں گے، شہری بھی آلائشیں جگہ جگہ پھینکے کی بجائے ایک مقام پر پھینکیں تاکہ صفائی کے عملے کو اٹھانے میں آسانی رہے اور گندگی کے تناظر میں متوقع بیماریوں سے بچا جاسکے۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کے علاوہ ریسکیو 1122 اور ہیلتھ افسران کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈیوٹی روسٹر جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مقررکردہ جگہوں پر ہی قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کی اجازت ہوگی۔جانوروں کی غیر قانونی جگہوں پر خریدو فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مذید کہاکہ قربانی کی کھالیں حکومت کی اجازت نامے کی حامل رجسٹرڈ تنظیموں کو مخصوص کردہ جگہوں پر ہی اکٹھی کرنے کی اجازت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: قربانی کا جانور خریدنے سے پہلے صحت کی جانچ کیسے کی جائے؟

انہوں نے آر ٹی اے سیکرٹری کو ہدایت کی عیدالفطر کے موقع پر ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں کورونا ایس او پیز کے تحت 70 فیصد مسافروںاورکرایوں میں اوور چارجنگ روکنے کےلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دئیے جائیں۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ عید کے دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں اور کورونا وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا ہاتھ بٹانے میں مدد دیں۔ڈسڑکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کھوکھر نے کہا کہ عید کے اجتماعات اور مویشی منڈیوں میں امن و امان کی صورتحال کیلئے پولیس کی جانب سے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نگاہ رکھی جائے گی۔

اس موقع پرعلمائے کرام ، اتحاد بین المسلمین اورانجمن تاجران نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں امن کو فروغ دینے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ باہمی کوارڈینیشن کے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں