ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین کی تمام سرکاری دفاتر میں خصوصی افراد کیلئے ریمپس لگانے کی ہدایت

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم فرد ہیں جنہیں کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ خصوصی افراد کو محبت اور توجہ دے کر معاشرے کا فعال شہری بنایا جا سکتا ہے کیونکہ خصوصی افراد کو اللہ تعالیٰ نے اضافی خوبیوں سے نوازا ہے جنہیں کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے ہدایت کی کہ خصوصی افراد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں تاکہ وہ معاشرے کے نارمل افراد کی طرح بہترزندگی گزار سکیں۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 16 جولائی2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ریڈریسل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، فوکل پرسن برائے نابینا افراد حافظ محمد الیاس، فوکل پرسن متاثرہ سماعت افرادعبدالخالق، فوکل پرسن جسمانی معذور محمد عباس اور دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں خصوصی افراد کی رجسٹریشن،ملازمتوں میں سرکاری کوٹہ،سہولت ڈیسک ، خدمت کارڈ کے اجراءاور بحالی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ نے اجلاس کو اسپیشل افراد کےلئے ضلع منڈی بہاﺅالدین میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد اور نئے ایجنڈے میں شامل مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے محکمہ بیت المال اور زکوٰة سے مالی امداد کیلئے فنڈز مہیا کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ معذور افراد کی سرکاری محکموں میں ملازمتوں کے حوالہ سے 3فیصد کوٹہ پر بھرتی کی جا رہی ہے ۔جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت سپیشل افراد کو زندگی کی دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے تا کہ ہر سطح پر ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ انہوںنے ہدایت کی کہ جن محکموں سے متعلق ایشوز ہوں ان اداروں کے افسران یانمائندوں کو اجلاس میں لازمی بلایا جائے ۔انہوں نے مذید ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق تمام سرکاری دفاتر میں خصوصی افراد کی سہولت کیلئے ریمپس لگائے جائیں۔

محمد شفیق نے کہاکہ سپیشل افراد کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کیلئے خصوصی افراد کا معاشرے کے دیگر افراد کے ساتھ ایسا ماحول اور تعلق پیدا کیا جائے کہ انہیں بھی نارمل انسانوں کی طرح معاشرے میں زندگی گزار نے پر کوئی دقت پیش نہ آئے ۔ اجلاس میں معذور افراد کے نمائندگان نے در پیش مسائل کے بارے میں اے ڈی سی کو آگاہ کیا جس پر اے ڈی سی نے یقین دہانی کروائی کہ ان کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں