ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس، ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 16 جولائی2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ ،سی ای او ایجوکیشن سید توقیر حسین شاہ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل،ایکسئین ہائی وے رانا محمد اقبال، ایکسیئن پبلک ہیلتھ خادم حسین،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عبدالباسط گوندل، ایس ڈی او بلڈنگ قرار شاہ، ایس ڈی او ایری گیشن احمد رضا چیمہ سمیت دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ نے مالی سال 2020-21 کی 1367.565 ملین روپے کی 40 نئی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں مختلف محکموں بالخصوص محکمہ روڈز کی 67.415 ملین روپے کی 9سکیمیں ، واٹر سپلائی کی 404.150 ملین روپے کی 13 سکیمیں، لوکل گورنمنٹ کی 276 ملین روپے کی 9سکیمیں ، ہیلتھ کی 210 ملین روپے کی 6سکیمیں ، پبلک بلڈنگ کی 60 ملین روپے کی 2سکیمیں جبکہ محکمہ ایجوکیشن کی 50 ملین روپے کی ایک سکیم کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کی منظوری دی گئی ۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں موجود متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں کے ٹینڈرز کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور ترقیاتی سکیموں کے تعمیراتی آغاز میں کوالٹی اور کوانٹٹی پر کسی صورت بھی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ مالی سال 2020-21 کی نئی ترقیاتی سکیموں پر پوری تیاری کر کے تعمیراتی انجینئر کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جائیں اور ہوم ورک کے ذریعے ان سکیموں کے کام کا آغاز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کے تصاویری ثبوت کے ساتھ جگہوں کا معائنہ کیا جائے اور اس حوالے سے پارلیمینٹیرین کے ساتھ خصوسی طور پر مشاورت کی جائے تا کہ ان کی تجاویز کی روشنی میں مفاد عامہ کی اہم ضروری سکیموں کو بہتر انداز سے تکمیل کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر قیادت حکومت ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کررہی ہے اور اس سلسلے میں ان ترقیاتی اسکیموں کے اجراء،اپ گریڈیشن اورتعمیر و بحالی کیلئے پہلے سے ہی فنڈز مختص کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے افسران سے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں کے کام کے معیار ، رفتاراورشفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ طارق علی بسرانے افسران پر زور دیا کہ تمام ترقیاتی اسکیموں کو مفاد عامہ کے پیش نظر جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوامی خواہشات کے مطابق یہ ترقیاتی اسکیمیں لوگوں کی سہولت کا باعث بنیں اور لوگ ان سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں