ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین نے موسم برسات کی شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 13 جولائی2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کے تحت ہفتہ شجرکاری اور موسم برسات شجرکاری مہم کا ایک ساتھ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ جس کے تحت محکمہ جنگلات ضلع کی مختلف جگہوں پر 15 ہزار پودے لگائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کے تحت موسم برسات کی شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح ڈی سی آفس کے لان میں پودا لگاتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کھوکھر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، سی ای او ایجوکیشن سید توقیر حسین شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ،ڈی او فاریسٹ رانا محمد اکرم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کے تحت موسم برسات اور ہفتہ شجرکاری ہر بشر دو شجر تھیم کے تحت شروع کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں ہر شہری سے اپیل ہے کہ وہ اپنے حصے کے دو پودے ضرور لگائے ۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں محکمہ جنگلات کے رقبے، پرائیویٹ ایریاز، سرکاری اور ڈیفنس کے اداروں میں پودے لگانے کے حوالے سے شیڈول تیار کر لیا گیا ہے جس کے تحت ڈی سی آفس کے لان میں 50 پودے جبکہ 15 جولائی کو چیلیانوالہ میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین کی قیادت میں 4 ہزار پودے ، 16 جولائی کو مونگ بیلہ میں دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ 5 ہزار پودے جبکہ 18 جولائی کو پارلیمنٹرین اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی قیادت میں گجرات کینال برانچ میں5 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔

دریں اثناءڈویژنل فاریسٹ آفیسر ارشاد اللہ گوندل نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق آلودگی سے پاک صاف ستھرا ماحول مہیا کرنے کیلئے نا صرف بھر پور طریقے سے شجرکاری کی جا رہی ہے بلکہ عوام الناس میں آگاہی کیلئے شہر بھر میں مختلف شاہراہوں اور اہم چوکوں پر بینرز بھی لگائے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کے 10 بلین ٹری پروگرام اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت سرکاری دفاتر ، گھروں کے لانز اور دیگر دستیاب اراضی پر شجرکاری مہم بھر پور طریقے سے جاری ہے۔ انہوںنے شہریوں سے اپیل کی کہ شہری بھی پودے لگانے کی قومی مہم میں شریک ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں