ڈپٹی کمشنر کا مویشی منڈی، امتحانی سنٹر اور فلڈ بند قادرآباد کا دورہ، انتظامات کا جائزہ لیا

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے آمدہ عیدالضحٰی اور انتظامی امورز کے حوالے سے مویشی منڈی کٹھیالہ شیخاں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار ،ڈی او ایمرجنسی ریسکیو 1122 عمران خان،تحصیلدار پھالیہ،محکمہ انہار ، ایری گیشن اور دیگر افسران بھی موجود تھے.

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 13 جولائی2021 ) ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید الضحیٰ کے حوالے سے ضلع میں قائم مویشی منڈیوں میں اعلیٰ نظم نسق برقرار رکھا جائے اور مویشی منڈی میں قربانی کے جانروں کی خریدو فروخت کیلئے آنے والے افراد سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے۔انہوں نے قربانی کے جانوروں کی منڈیوں اور سیل پوائنٹس پر خریداروں اور مویشیوں کیلئے انتظامات کا بغور جائزہ لیا ۔

ڈپٹی کمشنر نے مویشیوں کے بیوپاریوں اور خریداری کیلئے آئے ہوئے شہریوں سے انتظامات کے حوالے سے استفسار بھی کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے انتظامی افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے آنے والوں خریداروں اور بیوپاریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مویشیوں منڈیوں کی تسلسل کے ساتھ صورتحال کی بھی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر فلڈ بند قادرآباد اور فرخ پور بھٹیاں کے مقام پر مختلف حفاظتی پشتوں اور بندوں کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کو اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ اور ڈی او ایمرجنسی عمران خان ، محکمہ ایری گیشن کے افسران نے محکمہ موسمیات اور فلڈ وارننگ سنٹر کی جانب سے موصول تازہ ترین سیلابی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اسسٹنٹ کمشنر ساجد منیر کلیار نے بتایا کہ حکومتی اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق قادرآباد کے مقام پر مختلف بندوں اور کناروں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر اور محکمہ مال کے افسران کو کہا کہ قادرآباد بیراج میں فی الحال کوئی خطرہ نہیں تاہم ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے صورتحال پر مکمل نظررکھے ہوئے ہیں اس کے باوجود دریائے چناب میں اچانک پانی آنے کے خدشہ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔

یہی وجہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے محکمہ موسمیات کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔بعد ازاں انہوں نے اسلامیہ ہائی سکول پھالیہ کا اچانک دورہ کر کے سکول میں قائم انٹرمیڈیٹ کے امتحانی مراکز پر امتحانی عمل کا پر سکون اور غیر جانبدارانہ ماحول میں کئے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔تمام مراکز پر امتحانی عمل کسی تعطل کے بغیر پر امن ماحول میں جاری تھا۔ڈپٹی کمشنر نے امتحانی سنٹرز کے مختلف کمروں میں طلباء کی جوابی کاپیاں چیک کیں اور طلباءکے لئے دی جانے والی سہولیات کی تفصیلات بھی معلوم کیں۔

انہوں نے پر امن امتحانی عمل اور اقدامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے سکیورٹی پر مامور پولیس کے موجود نہ ہونے پر اپنے ناراضگی کا اظہار کیا اور فوری طور پر موقع پر ہی پولیس اہلاروں کے تعیناتی کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ سوالنامے پر کسی امیدوار کے رول نمبرکے سوا کوئی اور شناختی علامت نہیں ہونی چاہیئے۔انہوں نے کہاکہ بوٹی مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کے اختتام تک امتحانی سنٹروں کے دورے جاری رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں