ضلع کمپلیکس منڈی بہاوالدین میں آر او واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا گیا

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 09 جولائی2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ مخلوق خدا کی خدمت رضائے الٰہی کا بہترین ذریعہ اور صدقہ جاریہ ہے ، انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب سے روزانہ تقریباً 2ہزار افراد کو جراثیم سے پاک پینے کا صاف پانی میسر آئے گا اور باقاعدہ مانیٹرنگ سے پینے کے صاف پانی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے سوہاوہ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام ڈی سی آفس میں آر او واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔افتتاح کے بعد دعائے خیر بھی کی گئی۔ اس موقع پر ڈی پی او ساجد حسین کھوکھر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ،سی ای او ایجوکیشن سید توقیر حسین شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبدالباسط، سوہاوہ ویلفیئر سوسائٹی کے ممبران پروفیسر شمشیر احمد گوندل، سابقہ صدر بار اورنگزیب گوندل، سیکرٹری بار سید یاسر عرفات، ماسٹر ظفر اقبال، ڈاکٹر اظہر اقبال قمر، اسد طارق ذیلدار اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ماسٹر ظفر اقبال نے بتایا کہ ڈی سی آفس میں جدید ترین مشینری سے مزین آر او واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب پر ساڑھے 7لاکھ روپے لاگت آئی ہے اوریہ پلانٹ ایک گھنٹے میں ایک ہزار لیٹر پانی کو فلٹریشن کرتا ہے۔ انہوں نے سوہاوہ ویلفیئر سوسائٹی کے اغراض و مقاصد اور سوسائٹی کی کارکردگی بتاتے ہوئے کہاکہ ویلفیئر سوسائٹی نے بہت کم عرصہ میں سوہاوہ گاﺅں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے گاﺅں کی صفائی ستھرائی، برقی لائٹس، سٹوڈنٹس کیلئے خصوصی پیکج، غریبوں اوربیواﺅں کی مالی امداد ، خود وزگار سکیم کے تحت رکشوں کی فراہمی، فری میڈیکل کیمپس اور 6 عدد واٹر فلٹریشن پلانٹس کا قیام ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چراغ تلے اندھیرا: ڈپٹی کمشنر دفتر منڈی بہاوالدین کے احاطہ میں لگا ہوا عوام کے لئے پینے کے ٹھنڈے پانی کا کولر عرصہ 2 سال سے بند

انہوں نے اپنے گاﺅں کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی جس کا ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ صاف پانی ایک عظیم نعمت ہے اور یہ انسانی جسم کی نشوونما اور زندگی کا نہایت اہم غذائی جزو ہے اس کے بغیر زندگی کا وجود نا ممکن ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہو ا کے بعد تندرستی کو قائم رکھنے کیلئے پاک و صاف پانی کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔

ڈی سی آفس میں سوہاوہ ویلفیئر سوسائٹی کی کاوشوں سے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب ایک عظیم کار خیر ہے جس کی بدولت ڈی سی آفس ، ڈی پی او آفس اور کچہری کے ملازمین کے علاوہ سائلین، عوام الناس اس صاف پانی سے مستفید ہوں گے اور ان کی جانب سے ہمیشہ دعائیں ملتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تنصیب شدہ فلٹریشن پلانٹ کی باقاعدہ مانیٹرنگ سے شہریوں کو جراثیم سے پاک پینے کے صاف پانی کے معیار کو ترجیحی بنیادوں پر سو فیصد یقینی بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں