ایڈوائزر وفاقی محتسب گوجرانوالہ کی منڈی بہاوالدین آمد، 17 میں سے 15 شکایات کا موقع پر حل کیا

ایڈوائزر وفاقی محتسب اعلیٰ برائے گوجرانوالہ ڈویژن شاہد لطیف خان نے کہا ہے کہ وفاقی محکموں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالہ کا بنیادی مقصد عام لوگوں کو ان کی دہلیز پر ہی انصاف مہیا کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ اپنی شکایات پر فوری داد رسی پانے والے 85 فیصد لوگوں نے وفاقی محتسب کے ادارے پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 07 جولائی2021 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں کھلی کچہری میں وفاقی محکموں کے متعلق شکایات کے فوری حل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ سائلین نے مختلف اداروں جن میں گیپکواورسوئی گیس شامل ہیں سے متعلق 17 شکایات پیش کیں۔ 3شکایات گیپکو جبکہ14 سوئی گیس کے متعلق تھیں۔

وفاقی ایڈوائزر نے موقع پر آئے ہوئے سائلین کی درخواستوں اور شکایات کا فرداََ فرداَ جائزہ لیا۔ جن میں سے15شکایات کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے جبکہ بقیہ 2شکایات کا فیصلہ اگلی پیشی تک موخر کر دیا گیا ۔دریں اثناء وفاقی ایڈوائرز شاہد لطیف خان نے کہا کہ وفاقی ادارے کی بہترین کارکردگی کو عوام الناس نے سراہا ہے کیونکہ یہ ادارہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر داد رسی پر فوراََ عملدرآمد کروانے کے مشن پر ہے ۔انہوں نے بتایااس ادارے کے دفاتر میںشکایت درج کرانے کیلئے کسی قسم کی کوئی فیس نہ ہے اور نہ ہی سائل کو وکیل کی ضرورت ہوتی ہے۔

سائل کی شکایت براہ راست سنی جاتی ہے اور بعض اوقات فوری حل طلب شکایات کا موقع پر ہی فیصلہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ سائل حضرات اپنی شکایات کے فوری ازالے اور حصول انصاف کیلئے محتسب کے دفتر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ، سب آفس ، 145-144 ممتاز مارکیٹ نزد نادرہ ایگزیکٹو آفس ، جی ٹی روڈ، گوجرانوالہ رجوع کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں