ڈسٹرکٹ سیشن جج منڈی بہاوالدین کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ، معمولی نوعیت کے جرم میں ملوث 4ملزمان کی رہائی کے احکامات جاری

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ پرویز اختر نے سینئر سول جج عمران صفدر (کریمنل ڈویژن) کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاﺅالدین کا ماہانہ دورہ کیا۔ جیل پہنچنے پر جیل کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل وحید خان، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل رانا شمشاد حسین، محمد معصب بلال گوندل، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل محمد عامر مچرا، محمد وسیم محمد ثاقب رضا اور دیگر افسران کے علاوہ جیل سٹاف بھی موجود تھا۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز یکم جولائی2021) سپرنٹنڈنٹ جیل وحید خان اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل رانا شمشاد حسین نے جیل میںدستیاب سہولیات اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی۔ اپنے دورے کے دوران فاضل جج نے جیل کے مختلف سیلز ، وارڈز، ہسپتال ،ڈسپنسری، ادویات کے اسٹاک، واش رومز، کچن کا معائنہ کیا اور وہاں پر موجود سہولیات کا فرداََ فرداََ جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے صفائی اور کھانے کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے خصوصی طور پر ملاقاتیوں کی انتظار گاہ اور میٹنگ سیکشن کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ملاقاتیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ جیل کے ہسپتال کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ قیدیوں اور حوالاتیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔انہوں نے نو عمر وارڈ میں نو عمر اسیران کو اپنی مدد آپ کے تحت کمپیوٹر کلاسز کے اجراءپر اپنی خوشی کا ظہار کیا۔ جیل اسیران نے سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت تمام دیگر افسران و ماتحت عملہ کے رویہ کی تعریف کی ۔

انہوں نے قیدیوں سے ملاقات کے دوران باور کرایا کہ نفرت جرم سے ہے، انسان سے نہیں اور کوئی بھی انسان پیدائشی طور پر مجرم نہیں ہوتااور قیدی اس بات کا عہد کریں کہ وہ یہاں سے اچھے انسان بن کر اپنے خاندان اور ملک و قوم کیلئے خدمات سرانجام دینگے۔ بعد ازاں معمولی نوعیت کے جرم میں ملوث 4ملزمان کی فوری رہائی کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے اور جیل میں قیدیوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات اور دیگر انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں