تاجر حضرات اور کریانہ مرچنٹس حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ قیمتوں کو موثر بنانے میں اپناکلیدی کر دار ادا کریں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 29 جون2021 ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے کہا ہے کہ تاجر حضرات اور کریانہ مرچنٹس حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ قیمتوں کو موثر بنانے میں اپناکلیدی کر دار ادا کریں،انہوں نے باور کرایا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی واضح ہدایات کی روشنی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کو سوفیصد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے نمائند گان کے ساتھ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی او انڈسٹریز و فوکل پرسن محمد سعید،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ارشد تارڑ، انسپکٹر انٹر پرائزز محمد بلال، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ، انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے عہدیداروں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

آج کی ریٹ لسٹ دیکھیں

قبل ازیں ڈی او انڈسٹریز محمد سعیدنے اجلاس کو مختلف اضلاع میں موجودہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تاجران اور متعلقہ افسران کے ساتھ غوروخوص کے بعد متفقہ طور پراشیائے خوردونوش کی زیادہ تر قیمتیں مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اے ڈی سی آر نے شرکاءاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ضروری اشیائے خوردونوش، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے اورموجودہ حالات میں عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو مقامی انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کا ہمیشہ سے اعتماد و تعاون حاصل رہا ہے۔ انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر حکومت کی جانب سے اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کو موثر بنانے کیلئے اپنا تعاون اور کلیدی کردار ادا کریں۔ جس پر انجمن تاجران نے انتظامیہ کو اپنے غیر مشروط اور بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ناصرف بھرپور تعاون کیا جائے گا بلکہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں کے سلسلے میں کوئی سفارش نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں