منڈی بہاﺅالدین کو شجرکاری مہم میں 14لاکھ پودے لگانے کا ہدف دیا گیا، جن میں سے 12لاکھ 47ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں، محکمہ جنگلات

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 25 جون2021) ڈسٹرکٹ آفیسر جنگلات رانا محمد اکرم نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ویژن کلین اینڈ گرین پاکستان ہی ہماری اصل منزل ہے جو صاف ستھرے ماحول اور صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس اور تمام سرکاری و نجی ادارے کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت اپنی انفرادی اور اجتماعی سرگرمیوں کے حوالے سے اس مہم میں حصہ لیں تاکہ حقیقی معنوں میں کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت 5سال کے عرصہ میں 10بلین پودے لگانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔

یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس میں شجرکاری مہم 2020-21ءکے حوالے سے پیش کی جانے والی رپورٹ کے حوالے سے بتائی۔ اس موقع پر ڈی او فاریسٹ نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کے سونامی پلانٹیشن پروگرام کے تحت ملک بھر میں 5سال کے عرصہ میں 10بلین پودے لگائے جائیں گے اورامسال محکمہ جنگلات منڈی بہاﺅالدین کو شجرکاری مہم میں 14لاکھ پودے لگانے کا ہدف دیا گیا ہے ۔انہوں نے مذید بتایا کہ منڈی بہاﺅالدین میں اب تک 12لاکھ 47ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں جن میں 6لاکھ پودے جنرل پبلک کی معاونت سے لگائے گئے جبکہ 4لاکھ پودے محکمہ جنگلات ، ایک لاکھ پودے آرمی ، 37ہزار پودے محکمہ صحت، 30ہزار محکمہ تعلیم جبکہ 33ہزار پودے دیگر محکموں کی معاونت سے لگائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مہم میں تعلیمی ادارے، ہسپتالز، سول ، سکیورٹی و نجی ادارے اور عوام الناس بھی شامل ہیں یہی وجہ ہے کہ حکومت شجر کاری مہم اور اس کی افادیت کے حوالے سے پوری طرح سنجیدہ ہے۔انہوں نے عوام الناس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنے اردگرد کے ماحول کو سرسبز بنانے کی خاطر شجرکاری مہم میں اپنا حصہ ڈالیں تاکہ فضائی آلودگی کا خاتمہ کر کے شجر کاری مہم کو مستقل بنیادوں پر فروغ دیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: کلین اینڈ گرین پروگرام: ضلع منڈی بہاﺅالدین پنجاب بھر میں تیسری پوزیشن پر براجمان،محمد شفیق

انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ماحول کو خوشگوار بنانے اورآلودگی سے پاک کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کے فروغ اور جنگلات کے تحفظ کیلئے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر گجرات ارشاد اللہ گوندل کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ۔ جس کی وجہ سے جنگلات کے تحفظ اور شجرکاری مہم کو بھر پور عوامی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں