انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت ہر گز گنجائش نہیں ہے، ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین

منڈی بہاؤالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 21 جون 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ ان ڈور ،آوٹ ڈور سرویلنس کے کام کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھیں تاکہ کسی بھی طرح ڈینگی کی افزائش ممکن نہ ہوسکے، انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت ہر گز گنجائش نہیں ہے، فیلڈ ٹیمیں اپنی کاروائیوں کے دوران اینڈرائیڈ فون کا استعمال کریں اوراپنی سرگرمیوں کو ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ (ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد افتخار، ڈی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر خالد عباسی، ڈاکٹر رضوان تابش، ایم ایس ملکوال ڈاکٹر ناصر وقار، اسسٹنٹ عاطف منیر کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس،ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک،ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتے کی کاروائی کے مطابق ہاٹ سپاٹ جگہوں کی چیکنگ کے دوران لاروے پائے جانے پر فوری طور پر مکینیکل لاروا سائیڈنگ کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔ڈاکٹر الیاس گوندل نے بتایا کہ 518ٹیموں نے ان ڈور90ہزار325گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ آؤٹ ڈور10ہزار950گھروں کو چیک کیا۔اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت 3لاکھ79ہزار036کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آؤٹ ڈور سرویلینس کے تحت49ہزار153کنٹینرز چیک کئے گئے اور ہاٹ سپاٹ کوریج 100فیصد رہی۔

انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر528نوٹسز بھی جاری کئے گئے ہیں ۔ بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ ڈینگی مچھر کے خاتمے کیلئے سرکاری محکموں کے ساتھ کمیوننٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کمیوننٹی کے عملی تعاون کے بغیر مچھروں کی افزائش گاہوں کا خاتمہ ممکن نہیں بالخصوص گھروں،گلی محلوں ، قبرستانوں ، کباڑخانوں، ٹائر شاپس، جوہڑوں اور زیر تعمیر عمارتوں میں مچھروں کی افزائش کو روکنے کیلئے کمیونٹی موبلائزیشن کیلئے شعور اور آگاہی کی ضرورت ہے اس سلسلہ میں محکمہ صحت کی سرویلنس ٹیمیں گھر گھر جاکر ڈینگی کے خاتمہ کیلئے شہریوں کو ترغیب دیں اور ماحول کو صاف رکھنے کے سلسلے میں معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی سماجی ذمہ داریوں کا احساس دلائیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں