ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ، معمولی جرم میں ملوث 2 ملزمان کی رہائی کے احکامات جاری

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمدنوید اقبال نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل رانا شمشاد حسین، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل محمد عامر مچرا، سمیع اللہ گوندل اور دیگر سٹاف جیل بھی موجود تھا۔ جیل کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 17 جون2021) ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل رانا شمشاد حسین نے جیل میں دستیاب سہولیات اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی۔اپنے دورے کے دوران ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جیل کے مختلف سیلز ، ہسپتال ،ڈسپنسری، ادویات کے اسٹاک، کچن کا معائنہ کیا اور وہاں پر موجود سہولیات کا فرداََ فرداََ جائزہ لیا۔انہوں نے صفائی اور کچن اسیران پر کھانے کے معیار کو چیک کیا جو کہ معیار کے عین مطابق پایا گیا۔ انہوں نے ملاقاتیوں کی انتظار گاہ ،میٹنگ سیکشن اور جیل ہسپتال کا بھی معائنہ کیا۔

جیل ہسپتال کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ اسیران اور حوالاتیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے اسیران سے ملاقات کے دوران فردافردا ان کے مسائل دریافت کئے ۔ نو عمر وارڈ میں نو عمر اسیران کو دی جانے والی غیر رسمی تعلیم اور کوویڈ 19کے متعلق کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا اور تسلی بخش قرار دیا۔ انہوں نے معمولی نوعیت کے جرم میں ملوث 2 ملزمان کی فوری رہائی کے احکامات جاری کئے۔

اس موقع پر انہوں نے اسیران کو باور کرایا کہ نفرت جرم سے ہے،انسان سے نہیں اور کوئی بھی انسان پیدائشی طور پر مجرم نہیں ہوتااور قیدی اس بات کا عہد کریں کہ وہ یہاں سے اچھے انسان بن کر اپنے خاندان اور ملک و قوم کیلئے خدمات سرانجام دینگے۔جیل اسیران نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت تمام دیگر افسران و ماتحت عملہ کے رویہ کی تعریف کی ۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے اور جیل میں قیدیوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات اور دیگر انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں