بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیز کے مقامی سطح پرمسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 15 جون2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے کہا ہے کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیز کے مقامی سطح پرمسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں،سمندر پار پاکستانیز پاکستان کی شناخت اور سفیر ہیں ،چیئرمین اووسیز کمیٹی محمد عارف گوندل نے کہا کہ سردار عثمان بزدار حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو یہاں پر درپیش مشکلات کے حل اور انہیں تمام ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے ِاوورسیز کمیٹی کے اجلاسوں میں درخواستوں اور شکایات کا فوری نوٹس لے کر بلا تاخیر محکمانہ اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی جاتی ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں فوکل پرسن و ڈی او انڈسٹریز محمد سعید، انسپکٹر انٹر پرائزز محمد بلال ، پراسیکیوشن وریونیو افسران ، انسپکٹر غضنفر، انچارج اوورسیز کمیٹی مدثر احمد، ممبر اورسیز کمیٹی فیصل گوندل، ترجمان اوورسیز کمیٹی حمزہ علی ، مختلف محکموں کے افسران، درخواستگزار اور اوورسیز پاکستانیز کے نمائندے بھی موجود تھے۔

اجلاس میں اراضی پر قبضوں ، جائیدادوں کی وراثتی تقسیم، رقوم کے لین دین، تجاوزات، دھوکہ دہی، جان سے مار دینے کی دھمکیوں اور دیگر مسائل پر مشتمل درخواستیں اور شکایات پیش کی گئیں۔ قبل ازیں اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے متعلق کمیٹی میں34شکایات پیش کی گئیں جن کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کر دئیے گئے۔ انہوں نے مختلف محکموں کے افسران کو کیسز سے متعلق اپنی پراگریس رپورٹ اور بعض زیر التوا کیسز میں فوری کاروائی کر کے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ا نہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پوری تیاری کے ساتھ اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز ، پولیس اور دیگر محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لیں اوراعلیٰ حکام کی جانب سے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ان کے مفادات کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔ نا جائز قابضین اور دھوکہ دہی کے مرتکب افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا اور کسی فریق کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں