ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکمیوں پر کام تیزی سے مکمل کیا جائے، امتیاز احمد چوہدری

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 13 جون2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ عوامی نمائندوں کی ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کر کے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور ترقیاتی منصوبوں پر فزیکل اور فنانشل پراگرایس رپورٹ حکومت کے علاوہ عوامی نمائندوں کے ساتھ شیئر کی جائے، ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا کہ حکومت ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل اور اپ گریڈیشن تعمیر و بحالی کیلئے فنڈز دئیے جا رہے ہیں لہذٰا تمام جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کوتیز کر کے مقررہ مدت میں منصوبوں کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایم پی اے طارق تارڑ، ڈی پی او انور سعید کنگرا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ،سی ای او ایجوکیشن سید توقیر حسین شاہ، ایکسئین ہائے وے، روڈز، ایم اینڈ آر، ڈی او بلڈنگ قرار شاہ ، تینوں تحصیلوں کے سی اوز کے علاوہ تمام ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ نے اجلاس کو ملٹی میڈیا کی مدد سے عوامی نمائندوں کی جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اے ڈی پی سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21 کے تحت 12657.160 ملین روپے لاگت کی منظور شدہ 72 سکیموں جن میں PHED کی 30، روڈز کی 13، پبلک اینڈ بلڈنگ کی 5، ہائیر ایجوکیشن ،سپورٹس اینڈ یوتھ افیئر کی 2,2، لوکل گورنمنٹ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی 13، ہیلتھ اینڈ سکینڈری کئیر کی 4اور ایریگیشن کی 3جاری ترقیاتی سکیموں کا 59 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان سکیموں کیلئے 1819.060 ملین روپے کی لاگت کے فنڈز ریلیز ہو چکے ہیں جن میں سے1377.047 ملین روپے کے فنڈز استعمال ہو چکے ہیں.

اے ڈی سی فنانس نے بتایا کہ سی ڈی پی فیز 2کی نارمل پیکج کی 299.982 ملین روپے کی 47سکیمیں جن کیلئے 244.018 ملین روپے کے فنڈز ریلیز ہو چکے ہیں جبکہ ان سکیموں کا 99 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور یہ سکیمیں جلد ہی مکمل کر لی جائیں گی۔اسی طرح سی ڈی پی فیز 2کی سپیشل پیکج کی 300 ملین روپے کی 26 سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سیپ 1کی 162سکیمیں جن کی لاگت 149.890ملین روپے ہے اور ان سکیموں کا90فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور 161سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں ۔ اسی طرح سیپ 2کی 42سکیمیں جن کی لاگت 150 ملین روپے ہے اور ان سکیموں کا 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور 40 سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں۔

انہوں نے مذید بتایا کہ لوکل گورنمنٹ اے ڈی پی 2020-21 کی 253 سکیمیں جن کی مالیت 591.611 ملین روپے ہے ۔ ان سکیموں کے 552.295 ملین روپے کے فنڈز ریلیز ہو چکے ہیں اور ان سکیموں کا 335.026 ملین روپے سے 72 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور 144سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں۔ تفصیلی بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہاکہ ترقیاتی سکیموں کے کام کے معیار ،رفتاراورشفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ جن سکیموں کے فنڈز دستیاب ہیں ان کے کام میں کسی قسم کا تعطل نہ پیدا کیا جائے بلکہ ان کو تیزی سے مکمل کیا جائے ۔

ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا کہ تمام ترقیاتی اسکیموں کو مفاد عامہ کے پیش نظر جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوامی خواہشات کے مطابق یہ ترقیاتی اسکیمیں لوگوں کی سہولت کا باعث بنیں اور لوگ ان سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔ایم پی اے طارق تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کی وجہ سے صوبے بھر میں واضح تبدیلی نظر آرہی ہے۔وزیراعلیٰ کی زیر قیادت حکومت ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کیلئے ہر ممکن فنڈز مہیا کررہی ہے لہذا ان سکیموں کی بر وقت تکمیل کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں