ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسران کو سرکاری واجبات کی وصولی کے اہداف جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 13 جون2021 ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسران کو سرکاری واجبات کی وصولی کے اہداف جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ ریونیو ریکوری سے متعلق ایشوز کو ذاتی دلچسپی لے کر حل کئے جائیں اور جو ٹائم فریم دیا گیا ہے اس پر کاربند رہتے ہوئے سرکاری واجبات کی وصولی کے عمل کو تیز کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ڈی سی آفس میں ریونیو افسران کے ساتھ سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز صاحبان منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ، پھالیہ ساجد منیر کلیار، ملکوال عثمان غنی، تحصیلداران و نائب تحصیلداران اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ کو سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے اے آئی ٹی ایف بی آر، لینڈ بیس، واٹر ریٹ، سٹیمپ ڈیوٹی میوٹیشن فیس ریکوری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ سننے کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر توقیر الیاس چیمہ نے کہا کہ ریونیو افسران کی کارکردگی ، ان کی سرکاری واجبات میں وصولی سے مشروط ہے اور انہیں اس شعبہ میں زیادہ محنت کرنی چاہیے۔ انہوں نے ریونیو افسران کو باور کرایا کہ ہمارا بنیادی فرض واجبات وصولی ہے اور واجبات کی وصولی ہی ہماری کارکردگی کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر دئیے جانے والے اہداف کی تکمیل کے حوالے سے سٹاف کی کارکردگی کو چیک کیا جائے اور جہاں کہیں کمی بیشی ہو اسے فورا درست کیا جائے۔ا نہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ریو نیو افسران کو تینوں تحصیلوں میں اراضی سے متعلقہ زیر التوا ایشوز کے حل اورسر کاری واجبات کی وصولی کے اہداف دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندار کی جانے والی کاروائیوں بارے ڈی سی آفس کورپورٹ پیش کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز صاحبان بھی ریونیو افسران سے روزانہ کی بنیاد پر میٹنگز میں حل طلب ایشوز اور سرکاری واجبات کی وصولی بارے اہداف کو مقررہ مدت میں مکمل کریں۔انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ کم ریکوری کرنے والے افسران سو فیصد وصولی کو جلد از جلد مکمل کریں۔ اے ڈی سی آر نے کہا کہ تاوان کی وصولی کیلئے آسامی وار طریقہ کار اپنایا جائے اور جن موضعات میں تاوان کی وصولی سے متعلق مسائل درپیش ہیں ان کی ری ویریفکیشن کی جائے۔ توقیر الیاس چیمہ نے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی میں اچھی کارکردگی کے حامل افسران کو ریوارڈ دئیے جائیں گے جبکہ بہتر کارکردگی نہ دکھانے والے افسران کو شو کاز نوٹس بھی جاری کئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں