منڈی بہاوالدین میں کسان کارڈ کی تقسیم کے پہلے مرحلہ میں 300 کسانوں میں کسان کارڈ تقسیم کئے جا رہے ہیں

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 10 جون2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے براہ راست سبسڈی کی فراہمی حکومت کا ایک انقلابی اقدام ہے اورکسان کارڈ کے اجراءسے کسانوں کو سبسڈی کی رقوم کے حصول میں آسانی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاںڈسٹرکٹ ایگری کلچر ٹریننگ ہال میں کسانوں کو کسان کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن راجہ منصور علی خان، زراعت آفیسر محمد افضل سمیت کسانوں اور کاشت کاروں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے کسان کارڈ کے اجراءسے کسانوں کو کھاد ، بیج اور زرعی ادویات پر براہ راست سبسڈی کی رقوم حاصل کرنے میں آسانی ہو گی اور کسان زرعی مداخل کے بہتر استعمال سے اپنی پیداوار بڑھا کر زیادہ منافع کما سکیں گے جس سے ان کا معیار زندگی بھی بلند ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو کھاد، بیج، زرعی آلات و ادویات، قدرتی آفات سمیت دیگر حکومتی منصوبوں میں براہ راست ان کے اکاوئنٹ میں کیش ٹرانسفر کر کے سبسڈی دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کاشتکاروں کو تمام سبسڈی کیش براہ راست پہنچانے کیلئے صوبے بھر میں کسان کارڈ کا اجراءکر دیا گیا ہے جو محکمہ زراعت توسیع کی توسط سے رجسٹرڈ کاشتکاروں کو مہیا کیا جائے گا ۔

قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال نے شرکائے تقریب کو بتایا کہ ضلع میں محکمہ زراعت توسیع کی جانب سے 55 ہزار کسان کاشتکاروں کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے اور کسانوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، کسانوں کی رجسٹریشن نادارا، محکمہ لینڈ ریکارڈ اور محکمہ زراعت توسیع کی جانب سے میرٹ پر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسان کارڈ کی تقسیم کے پہلے مرحلہ میں 300 کسانوں میں کسان کارڈ تقسیم کئے جا رہے ہیں اور یہ سلسلہ منڈی بہاﺅالدین ، پھالیہ اور ملکوال میں جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں