’’یہ میں ہوں، یہ میری ٹیم ہے اور ہم سیریز جیت کر پارٹی کررہے ہیں‘‘

لاہور: قومی کرکٹر حسن علی نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی لڑکی کی ویڈیو کے انداز کہا ’’یہ میں ہوں، یہ میری ٹیم ہے اور ہم سیریز جیتنے کے بعد پاوری (پارٹی) کررہےہیں‘‘۔

Advertisement

سوشل میڈیا پر چند روز قبل ایک یوٹیوبر و ولاگر دانانیر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ انگریزی انداز میں اردو بولتے ہوئے کہتی ہے ’’یہ ہماری کار ہے، اور یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری (پارٹی) ہورہی ہے‘‘ اور اس ویڈیو کے کیپشن میں اس نے لکھا تھا کہ ’’جب برگرز شمالی علاقہ جات کی سیر کو جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں ’’یہ ہماری پاوری ہو رہی ہے‘‘۔

ویڈیو اس قدر وائرل ہوئی کہ سوشل میڈیا صارفین کے علاوہ پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کی جانب سے بھی مزاحیہ ویڈیوز اور میمز بنانے کا سلسلہ شروع ہوگیا جب کہ بھارت سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر یشراج مکھاٹے نے بھی اس پر گانا تیار کیا جسے دانانیر نے بھی اپنے اکاؤنٹس پر ایڈیٹ کرکے شیئر کردیا۔

قومی کرکٹر حسن علی کی جانب سے بھی اس پر مزاحیہ ویڈیو بنائی گئی، جنوبی افریقا کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد حسن علی نے دانانیر کے انداز میں کہا کہ ’’یہ میں ہوں، یہ میری ٹیم ہے اور ہم سیریز جیتنے کے بعد پارٹی کررہےہیں‘‘

اپنا تبصرہ بھیجیں