ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں کے کام کے معیار ،رفتاراورشفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، کمشنر گوجرانوالہ

Advertisement
Advertisement

منڈی بہاؤالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 30نومبر2020 ) کمشنر گوجرانوالہ سید گلزار حسین شاہ کی زیرصدارت آج ڈی سی آفس میں ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے اجلاس منعقدہوا ۔کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید گلزار حسین شاہ نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کے کام کے معیار ،رفتاراورشفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ اگر کسی جگہ فنڈز کی کمی پیشی یا دیگر رکاوٹیں حائل ہیں تو ان کو اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لا کر فوراً ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کیا جائے ۔

ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین طارق علی بسرا ، ممبرقومی اسمبلی حاجی امتیازاحمد چوہدری ، ایم پی اے ساجد احمد خاں بھٹی ، سابق ایم پی اے وسیم افضل چن ،اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار ، اسسٹنٹ کمشنر اسد عباس شیرازی ، ای ڈی او فنانس غلام مصطفی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر توقیر الیاس چیمہ ودیگر افسران موجود تھے ۔

اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21کے تحت سکیموں کا جائزہ لیا گیا ۔ انھوں نے مزید کہا کہ جن سکیموں کے فنڈز دستیاب ہیں ان کے کام میں کسی قسم کا تعطل نہ پیدا کیا جائے بلکہ ان کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی سکیموں کی مکمل تکمیل تک ان کے معائنے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ تمام ترقیاتی اسکیموں کو مفاد عامہ کے پیش نظر جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوامی خواہشات کے مطابق یہ ترقیاتی اسکیمیں لوگوں کی سہولت کا باعث بنیں اور لوگ ان سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے منظم منصوبہ بندی کے تحت ٹیم ورک کے تحت مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن بنایا جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جن اسکیموں کا فنڈز ریلیز نہیں ہو رہا ہے ان کا فنڈز اعلیٰ حکام سے جلد ریلیز کروائیں گے ۔اس موقع پر ممبرقومی اسمبلی حاجی امتیازاحمد چوہدری نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی حکومت ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کررہی ہے اور اس سلسلہ میں ان ترقیاتی اسکیموں کی اپ گریڈیشن تعمیر و بحالی کیلئے پہلے سے ہی فنڈز مختص کئے جا رہے ہیں ۔

Advertisement

اپنا تبصرہ بھیجیں