اسسٹنٹ کمشنر ملکوال نے چک 34 کے موضع واسو وال میں 20ملین روپے مالیت کی 8کنال کی سرکاری اراضی واگزار کروا لی

منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 19نومبر2020)ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ملکوال سید اسد عباس شیرازی نے چک 34 کے موضع واسو وال میں 20ملین روپے مالیت کی 8کنال کی سرکاری اراضی واگزار کروا لی۔یہ بات اسسٹنٹ کمشنر ملکوال نے سرکاری اراضی واگزاری کی کاروائی کے بعد ڈپٹی کمشنر کو پیش کی جانے والی رپورٹ میں بتائی۔

رپورٹ کے مطابق چک 34 کے موضع واسو وال ہیڈفقیریاں میں با اثر مقامی قبضہ گروپ نے سرکاری اراضی پر ناجائز تجاوزات کھڑی کی تھیں جس کو کارروائی کے بعد واگزار کروا لیا گیا ہے۔ رپورٹ کی روشنی میں ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ سرکاری املاک پر ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں ۔ ضلع بھر میں قبضہ گروپوں کے خلاف موثر کریک ڈاﺅن کیا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناجائز تجاوزات میں ملوث عناصر اور ان کی سرپرستی کرنے والوں سے حکومت سختی سے نپٹے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی واضح ہدایات ہیں کہ سرکاری اراضی اور املاک پر قبضہ کسی صورت برداشت نہ کیا جائے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی افسران تجاوزات اور ناجائز قابضین کے خلاف بھر پور حکمت عملی سے بلا خوف کارروائیاں جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے دباﺅ میں آئے بغیر میرٹ پر شہر کے اہم چوراہوں ، سڑکوں اور بازاروں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھا جاے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے اور اس کی پاسداری ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز قابضین اور تجاوزات کے خلاف آگاہی مہم کے ذریعے عوام الناس کا انتظامیہ کیلئے تعاون حاصل کیا جائے تا کہ مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں