نبی کریم ﷺ کی ذات اقدس ہمارے لئے اسوہ کامل ہے، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال

منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 19نومبر2020)نبی کریم ﷺ کی ذات اقدس ہمارے لئے اسوہ کامل ہے ، ہم نے شان نبی اکرم بیان کر کے دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ مسلمان متحد ہیں اور آزادی اظہار رائے کے نام پر کسی کو بھی گستاخی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، حرمت رسول کیلئے اپنی جان و مال بھی قربان کرنے کو ہر وقت اور ہر لمحہ تیار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر ملکوال سید اسد عباس شیرازی نے ہفتہ شان رسالت کے حوالے سے منعقدہ سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں میونسپل آفیسر مزمل محمود ، نامور اورمعروف علماءکرام، معروف نعت خواں ،تحصیل انتظامیہ کے افسران و اہلکاران کے علاوہ علاقے کے عمائدین اور عوام الناس کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

قبل ازیں تلاوت کلام پاک کے بعد معروف نعت خوانوں نے نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں نعت کی شکل میں گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ علماءکرام کے علاوہ دیگر مقررین نے رسالت مآب ﷺ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی حکومت کے ہفتہ شان رسالت منانے کے حوالے سے فیصلے کو ایک تاریخی اور احسن اقدام قرار دیا۔ اسی طرح تحصیل میونسپل کمیٹی پھالیہ میں اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار کی زیر صدارت ہفتہ شان رسالت کے حوالے سے طلباءو طالبات کے مابین مضمون نویسی اور تقاریری مقابلے بھی منعقد کروائے گئے ۔تقریب میں معروف علماءکرام، اساتذہ اور مختلف سکولوں کے طلباءکی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ طلباءنے نبی اکرم ﷺ کی شان اور تعلیمات کو اپنے مضامین اور تقاریر میں بیان کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سیرت النبی پر عمل کر کے ہم نے اپنے ایمان اور عقیدے کو مضبوط کرنا ہے اور دنیا پر واضح کرنا ہے کہ مذہبی دہشت گردی کے خلاف پوری دنیا کے مسلمان ڈٹے ہوئے ہیں اور گستاخانہ حرکات کرنے والوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر اور علماءکرام نے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباءو طالبات کو انعامات سے نوازا ۔ ہفتہ شان رسالت کے سلسلے میں جیتنے والے طلباءضلع کی سطح پر ہونے والے مقابلہ جات میں بھی حصہ لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں