ضلعی حکومت کی جانب سے منڈی بہاوالدین میں مٹن اور بیف کی نئی قیمتیں مقرر

منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 10اکتوبر2020)ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ پرائس مجسٹریٹس گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلا ف کریک ڈاون مزید موثر بنائیں ۔انہوں نے انجمن تاجران اور کریانہ مرچنٹس کے عہدیداران پرزور دیا کہ حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ قیمتوں کو موثر بنانے میں اپناکلیدی کر دار اادا کریں۔ انہوں نے باور کرایا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی واضح ہدایات کی روشنی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کو سوفیصد یقینی بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں پرائس مجسٹریٹ اور انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے نمائند گان کے ساتھ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مقرر کرنے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز منڈی ملک کاشف نواز،پھالیہ ساجد منیر کلیار،ملکوال سید اسد عباس شیرازی،ڈی او انڈسٹریز و فوکل پرسن رانا گلفام حیدر،انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے عہدیداروں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

قبل ازیں ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر نے نے اجلاس کو مختلف اضلاع میں موجودہ اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔جس پر ڈپٹی کمشنر نے تاجران اور متعلقہ افسران کے ساتھ غوروخوص کے بعد متفقہ طور پراشیائے خوردونوش کی زیادہ تر قیمتیں اگلے اجلاس تک پرانے ریٹس پر ہی رکھی گئیں جبکہ مٹن کی نئی قیمت 900روپے فی کلو،بیف450فی کلو مقرر کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شرکاءاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ضروری اشیاء خوردونوش، پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے اورموجودہ حالات میں عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

منڈی بہاوالدین میں‌اشیا خوردونواش کی ریٹ لسٹ

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو مقامی انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کا ہمیشہ سے اعتماد و تعاون حاصل رہا ہے۔ اس اہم گھڑی میں انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر حکومت کی جانب سے اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کو موثر بنانے کیلئے اپنا تعاون اور کلیدی کردار ادا کریں۔ جس پر انجمن تاجران نے انتظامیہ کو اپنے غیر مشروط اور بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ناصرف بھرپور تعاون کیا جائیگا بلکہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں کے سلسلے میں کوئی سفارش نہیں کی جائے گی۔طارق علی بسرا نے اسسٹنٹ کمشنرز صاحبان کو ہدایت کی کہ کسی چھوٹے اور غریب دکاندار کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے بلکہ صریحاََ خلاف ورزی کے مرتکب بڑے ڈیلروں اور دکانداروں کے خلاف بھر پور کاروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں