میٹرک میں نمایاں نمبر حاصل کرنے والے طالبعلم کو ڈپٹی کمشنر کا خراج تحسین،طالبعلم کی ایف.ایس.سی تک تعلیم، کتابیں، وردی مفت مہیا

منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 28ستمبر2020​ )ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ شاندار تعلیمی نتائج دکھانے والے طلباءباعث فخر ہیں، انہوں نے کہا کہ انسان کے معاشرے میں اچھے مقام کی خاطر تعلیم انتہائی لازم ہے، تعلیم ایک ایسا زیور ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں، ہمیشہ وہی قومیں ترقی کری ہیں جو تعلیم کو ترجیح دیتی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں میٹرک امتحان میں اپنے سکول میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طالب علم نیاز خان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر زمنڈی ملک کاشف نواز، پھالیہ ساجد منیر کلیار، سی ای او ایجوکیشن سیف اللہ سیف، پرنسپل ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول و کالج، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول مانگٹ کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔

دریں اثناءگورنمنٹ ہائی سکول مانگٹ کے طالب علم نیاز خان نے امسال میٹرک کے امتحان میں 998نمبر لے کر سکول میں اول پوزیشن حاصل کی ۔ جس کا علم ہونے پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے فوری طور پرطالب علم کے اعزاز میں ڈی سی آفس میں تقریب کا انعقاد کیا۔ جس میں انہوں نے شاندار کارکردگی پر طالب علم ، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دی اور خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن نے بتایا کہ طالب علم کے خاندان کا تعلق صوبہ بلوچستان کے غریب خاندان سے ہے اوراس کا باپ محنت مزدوری کرتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہی طالب علم کا ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول و کالج میں ایف ایس سی میں مفت داخلہ کروایا ،مفت کتابیں ، بیگ ، یونیفارم اور دیگر ضروریات بھی مہیا کیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ 2سال تک طالب علم کے اخراجات خود برداشت کرے گی اور دیگر سہولیات بھی مہیا کرے گی تا کہ طالب علم یکسوئی کے ساتھ اپنی تعلیم مکمل کر سکے۔ انہوں نے طالب علم کو شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ مذکورہ طالب علم اپنی اس شاندار کارکردگی کو بر قرار رکھتے ہوئے مستقبل میں بھی محنت و لگن سے اسی طرح نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ انہوں نے پرنسپل جناح پبلک سکول کو تعلیم کے معاملے میں طالب علم پر خصوصی توجہ دینے اور اس کی صلاحیتوں کو مذید اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں