منڈی بہاوالدین: انسداد پولیو مہم کے چوتھے روز پانچ سال تک کی عمر کے 2لاکھ 58ہزار 125 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے

منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 25ستمبر2020)ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ جزبہ حب الوطنی کے تحت پولیو کا خاتمہ ممکن بنایا جائے، فیلڈ میں مصروف عمل محکمہ صحت کی ٹیمیں مقررکردہ اپنے اپنے ٹارگٹس کو دیانت داری اور جانفشانی سے مکمل کریں،پہلے چار روز کے دوران سامنے آنے والی خامیوں اور مسائل کو دور کر کے کوریج کے مقررکردہ اہداف کے حصول کو سو فیصد یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ قومی مقصد کی مہم میں سستی اور کاہلی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں جاری پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے چوتھے روز حاصل کئے گئے اہداف اور مسائل کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک غضنر علی اعوان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر افتخار احمد، ڈاکٹر فضل اعوان،ڈی ڈی ایچ اوز ڈاکٹر شکیل بٹ ، ڈاکٹر خالد عباسی ،ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزر رافعہ ناہید،نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر صدف خالق اور دیگر بھی موجود تھے۔

قبل ازیں اجلاس کو سی ای او ہیلتھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے چوتھے روز پانچ سال تک کی عمر کے 2لاکھ 58ہزار 125 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے جبکہ ہدف 2لاکھ 76ہزار 196مقرر کیا گیا تھا۔ اس طرح مجموعی کوریج 93فیصد رہی ۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پانچویں روز تک ہر صورت ٹارگٹ کو سو فیصد حاصل کرنے کا حکم دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی صحت مند پاکستان کی ضمانت ہے۔قوم کے نونہالوں کو پولیو مرض سے محفوظ رکھنے اور انہیں مستقل معذوری سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ پانچ سال عمر کے ہر بچے کو انسداد پولیو ویکسی نیشن کے قطرے ضرور پلائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمی داری ہے اس میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے فیلڈ میں مصروف عمل پولیو ٹیموں کو واضح ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ وہ احساس ذمہ داری کا مظاہر کریں اور اپنے رہ جانے والے اہداف کو ہر صورت مکمل کریں تا کہ ضلع کا پولیو فری سٹیٹس برقرار رکھا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں