ناجائز منافع خور اور مہنگے داموں اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں ہیں،طارق بسرا

منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 15ستمبر2020) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ پرائس مجسٹریٹس صاحبان پرائس چیکنگ کو مزید موثر اور پرائس ایکٹ پر عملدرآمد کو کر اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خور اور مہنگے داموں اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں ہیں ۔ ان کے خلاف ایف آئی آرز کاٹی جائیں، جرمانے کئے جائیں اور انہیں جیل بھیجا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ساتھ ایک اعلی سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی جنرل محمد شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی ریونیو ملک غضنفر علی اعوان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضی، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ مجسٹریٹس صاحبان اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔قبل ازیں ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر نے ملٹی میڈیا کے ذریعے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم اگست سے لے کر اب تک مجسٹریٹس صاحبان نے پرائس ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوے دکانداروں اور بڑے سٹوروں اور سٹاکسٹ کو 1529500روپے جرمانے کئے گئے، تین ایف آئی آر کاٹی گئیں اور تین گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹ صاحبان اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں کیونکہ ان کی حقیقی کارکردگی اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھ کر عوام الناس کو فائدہ پہنچانا ہے ،

انہوں نے باور کرایا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی واضح ہدایات کی روشنی میں اشیاءخوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کو سوفیصد یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے پرائس مجسٹریٹ صاحبان کو ہدایت کی کہ گراں فروشوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جائے ،ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومتی ہدایت کو سنجیدگی سے لے کر اس پر سوفیصدکارکردگی دکھانا ہوگی۔طارق علی بسرا نے ہدایت کی کہ کسی غریب دکاندار کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے بلکہ صریحاََ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں