قادرآباد پولیس چوروں کی سرپرست بن گئی۔ڈی ایس پی سرکل پھالیہ کے واضح تحریری احکامات کے باوجود گرفتار ملزم کیخلاف مقدمہ درج نہ ہو سکا

پھالیہ (عیدل خان چوہدری) ۔قادرآباد پولیس چوروں کی سرپرست بن گئی۔ڈی ایس پی سرکل پھالیہ کے واضح تحریری احکامات کے باوجود گرفتار ملزم کیخلاف مقدمہ درج نہ ہو سکا ۔گزشتہ کئی دنوں سے تھانہ قادر آباد کے مختلف علاقوں میں کسانوں کی موٹریں،پیٹر انجن وغیرہ چوری ہو رہے تھے جس سے کسان شدید پریشان تھے کہ اسی اثنا میں طیب عرف کالو نامی موٹر و پیٹر انجن چور کو اہل دیہہ نے رنگے ہاتھوں پکڑ کر قادر آباد پولیس کے حوالے کر دیا ۔

ڈی ایس پی پھالیہ حافظ امتیاز نے چوروں کے گروہ کے اس کارندے کیخلاف 21 جولائی 2020 کو تحریری طور پر حکم دیا کہ اس کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے لیکن آج دس دن گزرنے کے باوجود تھانہ قادر آباد نے مقدمہ درج نہیں کیا جبکہ ملزم ابھی بھی پولیس کی تحویل میں ہے۔

سوالیہ نشان یہ ہے کہ وہ کون سی نادیدہ طاقت ہے کہ جس کی حیثیت کے آگے ڈی ایس پی پھالیہ کا تحریری حکم ردی کا حصہ بن گیا ہے۔اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہےکہ فوری مقدمہ درج کر کے طیب عرف کالو سے تفتیش کی جائے اور اس کے پورے گروہ کو گرفتار کر کے ان کی قیمتی موٹریں اور پیٹر انجن برآمد کروائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں