ڈویژنل سپورٹس آفیسر کا چیلیانوالہ اور منڈی بہاوالدین سٹیڈیم اور گرائونڈ کا دورہ

منڈی بہاؤالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 29جون 2020 )ڈویژنل سپورٹس آفیسر گوجرانوالہ خواجہ سیف الرحمٰن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (PSB) سید اسد احمد شیرازی اور عبد الرؤف شہزاد اوورسیئر (PMU) نے فٹ بال گراؤنڈ چیلیانوالہ اور قائداعظم سٹیڈیم ومیاں وحیدالدین منی سٹیڈیم منڈی بہاؤالدین کا دورہ کیا۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عبدالوحید گجر نے ان کا بھر پور استقبال کیا۔

ڈی او سپورٹس وحید احمد گجر نے براجیکٹ بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پراجیکٹ مینجمنٹ اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے تحت سٹیڈیم اور گراؤنڈز کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فٹ بال گراؤنڈ چیلیانوالہ کا ترقیاتی کام85فیصد جبکہ قائداعظم سٹیڈیم گراؤنڈو میاں وحیدالدین منی سٹیڈیم کا 70فیصد ترقیاتی کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی ماندہ کام جولائی میں مکمل کر لیا جائے گااس حوالے سے تمام فنڈز ریلیز ہو چکے ہیں ۔

ڈویژنل سپورٹس آفیسر گوجرانوالہ خواجہ سیف الرحمٰن نے پی ایم یو کے کام پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی او سپورٹس کی تعریف کی اور ان کے کام کو سراہا۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر نے کہا کہ کھیلوں سے صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیل کے میدان آباد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انسانی جسم کو تندرست و توانا رکھنے بالخصوص نوجوان نسل کو بے راہ روی سے بچانے اور انہیں معاشرے کا صحت مند اور کارآمد شہری بنانے کیلئے ہمیں کھیل کے میدان آباد کرنا ہونگے اور سپورٹس کو فروغ دینا ہوگا۔

خواجہ سیف الرحمٰن نے کہا کہ کھیلیں ہمیں صحت مند اور توانا رکھنے کے ساتھ ساتھ ہمارے اندر نظم و ضبط اور ہر طرح کے نتائج برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کرتی ہیں۔کھیلوں کی حوصلہ افزائی کرنے سے صحت مند معاشرے کے قیام میں معاونت مل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیلیں بچوں کی کردار سازی میں نمایاں رول اد ا کرتی ہیں جو بچے صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں وہ ہمیشہ صحت مند رہتے ہیں اور بڑے ہوکر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں