کرونا کو 100 دن، 85 ہزار 890 مریض، 1790 اموات

پاکستان ميں کرونا وائرس کو 100 دن پورے ہوگئے، 85 ہزار 890 افراد میں مرض کی تصدیق ہوچکی ہے، پہلا کیس 26 فروری کو رپورٹ ہوا تھا، اب تک 1790 اموات ہوچکیں۔

پاکستان میں 26 فروری کو کرونا وائرس کے پہلے دو کیسز کراچی اور اسلام آباد میں رپورٹ ہوئے تھے، جس کے بعد ملک میں مہلک مرض کو 100 دن پورے ہوچکے ہیں، اس دوران مجموعی طور پر 6 لاکھ 15 ہزار 511 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، 85 ہزار 890 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے، 30 ہزار سے زائد افراد صحت ہوچکے جبکہ 1790 زندگی کی بازی ہار گئے۔

رپورٹ کے مطابق فروری کے آخری 4 دنوں میں کرونا مریضوں کی تعداد 4 تھی، مارچ میں 2 ہزار 35 افراد متاثر اور 26 اموات ہوئیں، اپریل میں 14 ہزار 778 افراد متاثر اور 359 اموات ریکارڈ کی گئی جبکہ مئی میں ریکارڈ 52 ہزار 679 افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ 1098 افراد مہلک مرض سے انتقال کرگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جون کے 4 دن ميں 15 ہزار 767 نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 287 افراد لقمۂ اجل بن گئے، پاکستان میں صحتیاب ہونے والے مريضوں کا تناسب 35.33 فیصد ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 31 ہزار 104 مریض اور 607 اموات، سندھ میں 33 ہزار 536 مریض اور 575 اموات، خیبرپختونخوا میں 11 ہزار 371 متاثرین اور 500 اموات ریکارڈ ہوچکی ہیں جبکہ بلوچستان میں 5 ہزار 224 مریض اور 51 اموات، اسلام آباد 3 ہزار 544 متاثرین اور 38 اموات، گلگت بلتستان 824 کیسز اور 12 اموات جبکہ آزاد کشمیر میں اب تک 285 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے اور 7 افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں