بھارت میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 86 ہزار کے قریب پہنچ گئی

ملک بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 2754 ریکارڈ، 30 ہزار سے زائد لوگ صحت یاب ہو گئے

دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی 2020ء) بھارت میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 86 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 2754 ریکارڈ، 30 ہزار سے زائد لوگ صحت یاب ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرین میں دن بدن اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ بھارت میں مسلسل لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا وائرس پھیلتا جا رہا ہے۔

امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں اب تک 85 ہزار 793 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 2754 تک جاپہنچی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی وزارت صحت کی طرف سے جاری تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 16 مئی تک کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 85 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 2700 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ بھارت میں مہلک کورونا وائرس سے 30 ہزار سے زائد مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ بھارت میں ہی گزشتہ دو دنوں میں 10,000 سے زائد نئے افراد کورونا وائرس سے پازیٹیو پائے گئے ہیں

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹرا ہے جہاں مریضوں کی مجموعی تعداد 29 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ 1068 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ مودی حکومت کورونا سے نمٹنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کررہی ہے۔

کانگریس کے سینیئر رہنما منیش تیواری نے کہا کہ کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کے لحاظ سے بھارت جلد ہی چین کوپیچھے چھوڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے حوالے سے حکومت کے لائحہ عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ 135 کروڑ کی آبادی والے بھارت میں 135 دنوں میں صرف 2 لاکھ ٹیسٹ ہوئے، یعنی اب تک ڈیڑھ فیصد سے بھی کم لوگوں کی جانچ کی گئی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں