آج سال 2020ء کا سب سے بڑا پنک سپرمون ہوگا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج سال کے چوتھے سپر مون کا نظارہ کیا جاسکے گا، سال کے سب سے بڑے سپر مون کو ماہرین نے پنک سپر مون کا نام دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق سپر مون کے موقع پر چاند زمین سے قریب ہونے کے باعث زیادہ روشن اور بڑا نظر آتا ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج رات سال کا چوتھا سپر مون دیکھا جاسکے گا، جسے ماہرین نے موسم بہار کے باعث پنک مون کا نام دیا ہے، سپر پنک مون پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 7 بجے ہوگا، جس کے باعث پاکستان میں یہ بہت کم دکھائی دے گا۔

سپر مون کے موقع پر چاند اور زمین کے درمیان کا فاصلہ گھٹ کر 3 لاکھ 56 ہزار 907 کلو میٹر رہ جائے گا، اس موقع پر چاند عام دنوں کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔

سی این این کے مطابق دنیا بھر میں پنک سپر مون کا آغاز منگل اور بدھ کی درمیانی رات 10 بج کر 35 منٹ (ای ٹی) سے ہوگا جو بدھ کی علی الصبح تک دیکھا جاسکے گا۔

ناسا کے مطابق سپر مون بذات خود پنک (گلابی) نہیں ہوگا بلکہ جس طرح سورج طلوع اور غروب کے وقت زیادہ سرخ نظر آتا ہے ایسے ہی چاند بھی ماحول کی وجہ سے کچھ زیادہ سرخ نظر آئے گا۔

ماہرین کے مطابق عام طور پر ہر سال دنیا بھر میں 12 مہینوں میں 12 سپر مون دیکھے جاتے ہیں تاہم اس سال اکتوبر کے مہینے میں دو سپر مون دیکھے جاسکیں گے، ایک یکم اکتوبر جبکہ دوسرا 31 اکتوبر کو نظر آئے گا، ایک ہی ماہ میں دو سپر مون کو بلیو مون بھی کہا جاتا ہے، اگلا سپر مون 7 مئی کو دنیا بھر میں دیکھا جاسکے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں