ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں کرونا آئیسولیشن، ابزرویٹری اور قرنطینہ وارڈز کا معائنہ۔ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کٹھیالہ شیخاں میں قائم 250بستروں پر مشتمل قرنطینہ سنٹر کا بھی معائنہ

منڈی بہاوالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 18 مارچ 2020 ) ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے نئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں کورونا وائرس سے بچاﺅ کے انتظامات کے حوالے سے ہائی ڈی پینڈنسی یونٹ (ایچ ڈی یو) کا دورہ کیا۔

اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر ملک عباس ذوالقرنین اعوان، سی او ہیلتھ محمد علی مفتی، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن راجہ منصور علی خان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر الیاس، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فاروق، ڈاکٹر فضل اعوان، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر شکیل بٹ، ڈی او بلڈنگ قرار شاہ، ایم ایس ڈی ایچ کیو اختر حسین بلوچ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کے دوران ہسپتال میں کرونا آئیسولیشن ، ابزرویٹری اور قرنطینہ وارڈز کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں متوقع مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات ،ڈاکٹرزاور پیرا میڈیکل سٹاف کی دستیابی ، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کورونا وائرس کے متوقع مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے مختلف ضروری ہدایات بھی جاری کیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کٹھیالہ شیخاں میں قائم 250بستروں پر مشتمل قرنطینہ سنٹر کا بھی معائنہ کیا اور وہاں پر طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی رسول کا دورہ کیا اور اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ، سی او ہیلتھ، کالج پرنسپل اور دیگر متعلقہ محکموں کو وہاں پرطلباء ہاسٹلز میں 500بستروں پر مشتمل فوری طور پر قرنطینہ سنٹر قائم کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں ۔اس موقع پر انہوں نے افسران پر واضح کیا کہ کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا ہر گز نہیں ہے بلکہ لوگوں کو اس وائرس سے ہر ممکن بچاﺅ کیلئے تیار کرنا اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے پر آمادہ کرنا ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو صحت یابی تک الگ تھلگ رکھنے اور وائرس سے دوسرے افراد تک منتقلی کو روکنے کیلئے ضلع میں قرنطینہ سنٹرز قائم کر دئیے ہیں جہاں ضلع منڈی بہاﺅالدین سے تعلق رکھنے والے کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو رکھا جائے گا اور کسی میں بھی وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فوری ہسپتالوں میں قائم آئیسولیشن وارڈز میں منتقل کر دیا جائے گا تا کہ وائرس صحت مند افراد تک نہ پھیل سکے۔

اس سلسلے میں قرنطینہ سنٹر میں تمام ممکنہ طبی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی صحت کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے سخت اقدامات شروع کر دئیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنا اہم ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ اس کو روکنے کیلئے ہر ممکن انتظامات اوراقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں