کمشنر گوجرانوالہ سید گلزار حسین شاہ کی رسول ریسٹ ہائوس آمد۔ ڈپٹی کمشنر و ضلعی افسران نے ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ دی

منڈی بہاوالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 11 مارچ 2020 ) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید گلزار حسین شاہ نے کہا ہے کہ ترقیاتی سکیموں کی فزیکل اور فنانشل پراگریس پر خصوصی توجہ دی جائے بالخصوص مالی سال 2019-20کی ترقیاتی سکیموں کی فنڈز یوٹیلائزیشن کو 30اپریل 2020تک یقینی بنایا جائے، جن سکیموں کی تکمیل میں فنڈز کے ایشوز آ رہے ہیں ان کے متعلقہ سیکرٹریز کے ساتھ رابطے کر کے فنڈز کے اجراء کے مسائل حل کئے جائیں، ترقیاتی منصوبوں کو مفاد عامہ میں جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تا کہ عوامی خواہشات کے مطابق تعمیراتی منصوبے لوگوں کی سہولت کا باعث بنیں اور لوگ ان سے بھر پور استفادہ حاصل کر سکیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آ ج یہاں رسول ریسٹ ہاﺅس پر ڈپٹی کمشنر اور ضلع بھر کے افسران کے ساتھ ترقیاتی سکیموں میں پیش رفت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک غضنفر علی اعوان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ چٹھہ، اسسٹنٹ کمشنرز ملک عباس ذوالقرنین، ساجد منیر کلیار، سید اسد عباس شیرازی، پبلک ہیلتھ، بلڈنگ، صحت، روڈز، پراونشل ہائی وے ، ایجوکیشن، کے افسران بھی شریک تھے۔

ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے اجلاس میں کمشنر کو ڈسٹرکٹ پروفائل اورمختلف محکمہ جات جن میں پبلک ہیلتھ، پراونشل ہائی وے، بلڈنگ، لوکل گورنمنٹ، ایریگیشن، ہائیر ایجوکیشن کی مالی سال 2019-20کی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ جس پر کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کوتیز رفتاری اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کاموں کے دوران شہریوں کی سہولیات کا بھی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور کام کی رفتار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زیر سماعت ریونیو کیسز کے بر وقت فیصلوں اور سرکاری واجبات کی وصولی کو حکومت کے مقرر کردہ اہداف کے مطابق یقنی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین انڈکس کے تحت پبلک واش رومز، واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب اور شجرکاری کیلئے عوام الناس کے علاوہ شجرکاری میں دلچسپی رکھنے والے سٹیک ہولڈرز کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ایسے درخت لگانے کو ترجیح دی جائے جو مقامی ماحول سے تعلق رکھتے ہوں اور پرندوں اور جانوروں کیلئے بھی خوراک کے حصول کا ذریعہ بھی ہوں۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے پولیو ویکسین کی بہترین کوریج کے کام کی تعریف کی اور ڈینگی کی مہم کو مزید کامیاب اور بہتر بنانے کیلئے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

دریں اثناء کمشنر گوجرانوالہ نے ریسٹ ہاﺅس میں اپنی آمد سے قبل چیلیانوالہ میں (مانومنٹ )یادگار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے انہیں وہاں پر تین ترقیاتی سکیموں جن میں مجوزہ سو کنال کے پبلک پارک، 27کنال پر مشتمل سب کیمپس جناح پبلک سکول اور 2کروڑ 78لاکھ 55ہزار روپے کی لاگت سے تکمیل شدہ سپورٹس سٹیدیم سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ کمشنر نے ان ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کیا اور ضروری ہدایات بھی دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں