ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین مہتاب وسیم اظہر نے ضلع بھر میں محکمہ جنگلات کو شجر کاری مہم میں14 لاکھ پودے لگانے کا ہدف دے دیا

منڈی بہاوالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 11 فروری 2020 ) ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین مہتاب وسیم اظہر نے ضلع بھر میں محکمہ جنگلات کو شجر کاری مہم میں14 لاکھ پودے لگانے کا ہدف دے دیا ہے ، محکمہ جنگلات تعلیمی ادارے، پاک آرمی، رینجرز ، او ر نجی اداروں کے لیے 12 لاکھ پودے جبکہ دیگر تمام سرکاری اداروں کیلئے 2 لاکھ پودے لگانا بھی ہدف میں شامل ہو گا۔ پودوں کی دیکھ بھال کی ذمے داری بھی خصوصی اہمیت کی حامل ہوگی۔ جس میں پودے لگانے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کی جائے گی،

اس امر کا فیصلہ آج یہاں ڈی سی آفس میں شجرکاری مہم (ٹری پلانٹیشن ) کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سی او ایجوکیشن ، ایکسین بلڈنگ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضی ، ڈپٹی ڈائیریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد شہزاد ، ڈی او فاریسٹ ، سی اوز اور دیگر متعلقہ اداروں کے آفسران بھی شریک تھے،

قبل از ڈی او فاریسٹ نے اجلاس کو شجرکاری مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ جنگلات منڈی بہاوالدین کو گزشتہ سال شجرکاری مہم میں7 لاکھ پودے لگانے کا ہدف دیا گیا تھا جو مقررہ ہدف سے بڑھ کر کامیابی سے مکمل کر لیا گیا تھا۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میںسرکاری محکموں کے علاوہ 14 لاکھ پودے لگانے کا ہدف دے دیا اور ان پودوں کو لگانے کے بعد ان کی لازمی دیکھ بھال کی جائے انہوں نے واضح کیا کہ پودوں کے لگائے جانے اور ان کی دیکھ بھال کے حوالے سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کی جائے گی کیونکہ حکومت شجرکاری مہم اور اس کی افادیت کے حوالے سے پوری طرح سنجیدہ ہے .

انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمٹ کو شجرکاری مہم کا فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے واضح ہدایت کی کہ وہ شجرکاری مہم کے ہداف کے کامیاب حصول کیلئے تمام محکموں کی معاونت اور وسائل بروئے کار لائیں انہوں نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ شجرکاری مہم میں سکولوں کالجز یونیورسٹیوں ہسپتالوں آرمی کے یونٹس اور دیگر اداروں اور عام شہریوں کو مفت پودے فراہم کیے جائیںاور مختلف تعلیمی اداروں میں9 ایونٹس منعقد کیے جائیں اور ہر ایونٹس میں 1 ہزار پودے لگانے کا ہدف مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس مہم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا شجرکاری مہم کا مقصد ملک میں درختوں کی فراوانی کے علاوہ ماحولیاتی آلودگی سے نجات ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ شجرکاری کے حوالے سے اگاہی مہم کے ذریعے عوام الناس کو آمادہ کیا جائے وہ سرکاری سطح پر جاری اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اسے کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور اور موثر کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں