تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلا تفریق آپریشن جاری رہے گا، تجاوزات کو ختم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین

منڈی بہاوالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 8 جنوری 2020 ) اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک عباس ذوالقرنین اعوان نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلا تفریق آپریشن جاری رہے گا، تجاوزات کو ختم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے تاکہ انسداد تجاوزات آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات نے ہمارے گلی محلوں ،شاہراوں کی خوبصورتی کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے مگر اب ایسا نہیں ہونے دیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ سردار عثمان بزدار حکومت کی گائیڈ لائن کے تحت ناجائز تجاوزات کے خاتمے سرکاری زمین واگزار کروانے پرسو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں تحصیل میونسپل کمیٹی میں تحصیل افسران اور انجمن تاجران کے ساتھ انسداد تجاوزات کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سی ای او میونسپل کمیٹی سمیر انتظار چیمہ، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے ملک محمد طاہر، انسپکٹر ٹریفک پولیس پرویز اقبال گوندل انجمن تاجران کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ملک عباس ذوالقرنین اعوان نے کہا کہ ضلع بھر سے ناجائز تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ بازاروں میں تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے کیلئے جامع حکمت عملی اپنا لی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام الناس کی سہولت کیلئے بزدار حکومت کی ہدایت پرضلع میں بھی تجاوزات کا خاتمہ کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے تاجروں اور دکانداروں کو اعتماد میں لے کر قابل عمل طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے جس سے شہریوں بالخصوص تاجروں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے گا۔ا س موقع پر صدر انجمن تاجران اور ان کے نمائندوں نے اجلاس کو یقین دہانی کروائی کہ ناجائز تجاوزات کے خاتمہ کے حوالے سے ہم ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیںاور ناجائز تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں