ملکوال میں شہریوں کو کتے کے کاٹے اور ربیز سے محفوظ رکھنے کیلئے آوارہ کتوں کی تلفی کی مہم کو تیزکر دیا

منڈی بہاوالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 04دسمبر2019 ) ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر کے حکم پرتحصیل ملکوال میں شہریوں کو کتے کے کاٹے اور ربیزسے محفوظ رکھنے کیلئے آوارہ کتوں کی تلفی کی مہم کو تیزکر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میںاسسٹنٹ کمشنر ملکوال نعمان فاروق تارڑکی ہدایت کی روشنی میں تحصیل میونسپل کمیٹی کے عملے نے آوارہ کتوں کی تلفی اور ان کی ڈیڈباڈیز کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے کاروائی تیز کر دی ہے اور اب تک 17سے زائد آوارہ کتوں کو تلف کر کے ان کی ڈیڈ باڈیز کو ٹھکانے لگا دیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر ملکوال نعمان فاروق تارڑ نے کہا کہ حکومتی ہدایت پر شہری اور دیہی علاقوں میں آوارہ کتوں کی موجودگی اور کاٹنے کے واقعات کے سدباب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل ملکوال میں آوارہ کتوں کی تلفی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ جس کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ڈپٹی کمشنر آفس کو بھجوائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آوارہ کتوں کی تلفی کے فوری اقدامات کئے جا رہے ہیں اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی معاونت سے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں کتے کے کاٹے کا خصوصی کاونٹر قائم کر دیا گیا ہے اور اینٹی ریبیزویکسین کی دستیابی کے علاوہ علاج کیلئے ادویات اور تمام سہولیات دستیاب ہیں حکومت پنجاب کی جانب سے اس سلسلے میں سخت اقدامات اٹھائے جانے کی ہدایات ہیں اور اس پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں