طوفانی بارشوں سے پہلے ڈرین نالوں کو صاف کیا جائے، کسی نقصان پر ذمہ داران نرمی کی توقع نہ رکھیں

Flood control meetingمون سون : ڈی سی او منڈی بہاؤالدین آفس میں کنٹرول روم قائم،تمام محکموں سے رپورٹ طلب
طوفانی بارشوں سے پہلے ڈرین نالوں کو صاف کیا جائے، کسی نقصان پر ذمہ داران نرمی کی توقع نہ رکھیں، محکمہ آبپاشی کے افسروں کو وارننگ
سیلابی ریلوں کے راستے میں آبادیوں کو قبل ازوقت الرٹ کرنے اور لوگوں کے انخلا کیلئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اقدامات کریں،مظفر خان سیال
منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) مون سون کے آغاز کے ساتھ ہی ڈی سی او منڈی بہاؤالدین آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جبکہ ڈی سی او نے تمام محکموں سے ممکنہ خطرات کے تدارک کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی سی او مظفر خان سیال نے محکمہ آبپاشی کے افسروں کو خبردار کیاکہ ڈرین نالوں کی صفائی نہ ہونے کی صورت میں کسی نقصان پر ذمہ داران نرمی کی توقع نہ رکھیں۔بارشوں کا سلسلہ تیز ہونے سے قبل ڈرین نالوں کو صاف کیا جائے۔ ریسکیو1122 اپنے اہلکاروں اور رضا کاروں کو متحرک رکھے۔ ٹی ایم ایز کا عملہ بھی واٹر سکر اور دی سلٹنگ پلانٹ درست حالت میں رکھے۔ اجلاس کو تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی افسروں نے بتایا کہ موسم برسات کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی حسب روایت تیاریاں مکمل ہیں۔ ڈی سی او نے کہا کہ سیلابی ریلوں کے راستے میں آبادیوں کو قبل ازوقت الرٹ کرنے اور لوگوں کے انخلا کیلئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اقدامات کریں۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر افضال احمد وڑائچ نے ڈی سی او کو بتایا کہ مون سون کے اختتام تک ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈکے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں گے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں