رمضان پیکیج کے حقیقی ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے عوامی خدمت کا جذبہ بروئے کار لانا ہوگا

Minister visiting ramzan bazaar malakwalملک وال(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف خود بھی صوبہ بھر کے رمضان بازاروں کے دورے کر رہے ہیں اور انہوں نے صوبائی وزراء کی بھی ڈیوٹیاں لگا ئی ہوئی ہیں کہ وہ رمضان بازاروں کے دورے کریں ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین نے ملکوال ، رکن اور پھالیہ کے رمضان بازاروں کے دورہ کے موقع پر کیا انہوں نے کہا ہے کہ رمضان پیکیج پنجاب حکومت کا ایسا عوام دوست منصوبہ ہے جس سے عام آدمی کو ماہ مقدس میں زبردست فائدہ پہنچ رہا ہے۔رمضان پیکیج کے حقیقی ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے عوامی خدمت کا جذبہ بروئے کار لانا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے انتظامات کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ منڈی بہاؤالدین کی ضلعی انتظامیہ تمام رمضان بازاروں میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے رمضان بازاروں کے تمام سٹالز اور وہاں رکھی اشیاء کا معائنہ کیا۔ وہاں موجود صارفین نے بتایا کہ انہیں ایک ہی چھت تلے تمام ضروری اشیا سستے داموں دستیاب ہیں۔ حمیدہ وحیدالدین نے رجسٹر شکایات کا بھی معائنہ کیا اور اے سی ملکوال آصف رضاکو ہدایت کی کہ شکایات پر بروقت ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف خود بھی صوبہ بھر کے رمضان بازاروں کے دورے کررہے ہیں اور انہوں نے صوبائی وزرأ کی بھی ڈیوٹیاں لگائی ہیں۔ رمضان بازاروں میں کام صرف سرکاری ڈیوٹی سمجھ کر نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے جذبے کے تحت کیا جائے۔ عوام کی بہتری ہمارا نصب العین ہے۔مجھے ضلع منڈی بہاؤالدین کے رمضان بازاروں کی انچارج وزیر بنایا گیا ہے اس لئے میں آئندہ ہر ہفتے یہاں کا دورہ کرتی رہوں گی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ملکوال آصف رضا اور اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کاشف رضا اعوان نے انہیں رمضان بازاروں میں صارفین کو مہیا کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں