گوہڑ فیڈر کے علاقوں میں 36گھنٹے بجلی کی بندش کیخلاف لوگوں کا گیپکو آفس گوجرہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

Protest against load sheddingملک وال(نامہ نگار)گوہڑ فیڈر کے علاقوں میں 36گھنٹے بجلی کی بندش کیخلاف متاثرہ علاقوں کے لوگوں کا گیپکو آفس گوجرہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، سرگودھا منڈی بہاؤالدین مِنی موٹروے کو بلاک کر دیا۔ تفصیلات کیمطابق گزشتہ روز گوہڑ فیڈر کے بیسیوں صارفین نے کئی 36 گھنٹے بجلی کی بندش اور سحر و افطار سمیت نمازوں کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور غیر اعلانیہ بندش کے دورانیہ میں مسلسل اضافے کے خلاف گیپکو گوجرہ کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مین شاہراہ کو بلاک کر دیا جس سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔ مظاہرین نے واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔صارفین توقیر، رفاقت، مظہر، شاہد سمیت دیگر کا کہنا تھا کہ ہلکی ہوا چلنے کی صورت میں یا بارش کی دو بوندیں گرنے پر بھی انہیں پہروں بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، انہوں نے بتایا کہ بدھ کی رات بجلی بند ہوئی جو جمعہ کی صبح بحال کی گئی جبکہ اس سلسلہ میں جب واپڈا اہلکاروں سے رابطہ کیا جاتا ہے تو کوئی بات ہی نہیں سنتا۔صارفین نے بتایا کہ جب اسی سلسلہ میں ایس ڈی او کے پاس شکایت لے کر پہنچے تو موصوف سیخ پا ہو گئے اور انہیں دفتر سے باہر نکال دیا اور تلخ کلامی بھی کی۔ شہریوں نے گیپکو چیف اور دیگر متعلقہ حکام سے نوٹس لے کر غفلت کے مرتکب ان واپڈا اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔رابطہ کرنے پر گوہڑ فیڈر کے ترجمان نے کہا کہ گیپکو گوجرہ کی طرف سے بعض جگہوں پر فنی خرابی کو ٹھیک نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے ٹرپنگ ہوتی ہے اور بجلی بند رکھنا پڑتی ہے اس کی ذمہ داری گیپکو گوجرہ کے اہلکاروں پر عائد ہوتی ہے۔۔۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں