واپڈا اپنی ہٹ دھرمی پر قائم، اجووال کے باسی مسلسل واپڈا گردی کا شکار

bijli loadsheding meterملک وال(نامہ نگار) واپڈا اپنی ہٹ دھرمی پر قائم، اجووال کے باسی مسلسل واپڈا گردی کا شکار، دوسرے روز بھی اٹھارہ گھنٹے بجلی بند، روزہ دار جاں بہ لب۔تفصیلات کے مطابق گیپکو کے سب ڈویژن گوجرہ کے فیڈر گوہڑ شریف کے علاقہ اجووال میں مسلسل دوسرے روز بھی پہروں بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے، بدھ کی رات 09 بجے معطل ہونے والی بجلی کی سپلائی لائن جمعرات کے روز دن تین بجے بحال کی گئی۔ جس سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ معصوم بچوں، بزرگ شہریوں، بیمار افراد اور خواتین جان لیوا گرمی میں شدید اذیت سے دو چار رہے۔ یاد رہے کہ موضع اجووال کے باسیوں کے لئے بجلی کی پہروں بندش کوئی نئی بات نہیں بلکہ روز کا معمول بن چکا ہے جبکہ بار بار شکایات کے باوجود واپڈا حکام کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ صارفین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہٹ دھرم واپڈا افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرے اور اس تمام صورت حال کا نوٹس لے ورنہ شدید ترین احتجاج کیا جائے گا اور اس دوران جلاؤ گھیراؤ کی صورت میں ہونے والے تمام تر نقصان کی ذمہ داری واپڈا اہلکاروں پر عائد ہو گی۔۔۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں