شہر میں بدترین ٹریفک جام رہنا معمول، ٹریفک پولیس صرف دیہاڑیاں لگانے میں مصروف

Traffic jam in Malakwal cityملک وال(نامہ نگار) ملک وال شہر بھر میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے۔ مین بازار ملک وال میں ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے اس قدر ٹریفک جام ہو جاتا ہے کہ شہری شدید ترین گرمی میں بے حال ہو جاتے ہیں۔ ٹریفک جام میں پھنسے بچوں ، بزرگ افراد، خواتین اور بیماروں کی حالت غیر ہو جاتی ہے۔مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے رکشے، موٹر سائیکل، ریڑھیاں اور کار یں ایک دوسرے میں پھنس کر رہ جاتی ہیں جبکہ ایسے موقع پر شہریوں میں توں تکرار بھی عام سی بات ہو گئی ہے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لئے ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہی جبکہ ٹریفک پولیس کے اہلکار بازار کے داخلی راستوں پر کھڑے سادہ لوح شہریوں کی تاک میں بیٹھے اور دیہاڑیاں لگاتے تو جا سکتے ہیں مگر مین بازار میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے کوئی اہلکار موجود نہیں ہوتا۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں