ہم سب کو عہد کرنا ہو گا کہ اقلیتی حقوق کے تحفظ کیلئے اسلامی احکامات اور آئین پاکستان کی دفعات پر عملدرآمد کریں گے

Ulma of Mandi Bahauddin
ڈی سی او اور ڈی پی او کامنڈی بہاؤالدین میں ہم آہنگی برقرار رکھنے پر مذہبی رہنماؤں سے اظہار تشکر
ہم سب کو عہد کرنا ہو گا کہ اقلیتی حقوق کے تحفظ کیلئے اسلامی احکامات اور آئین پاکستان کی دفعات پر عملدرآمد کریں گے،علما کے وفد سے گفتگو
ہم آہنگی کے فروغ کیلئے انتظامیہ کا ساتھ دیں گے، مخصوص مفادات کیلئے کام کرنے والوں کے عزائم کوناکام بنا دیا جائے گا،علما کی یقین دہانی
منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈی سی او مظفر خان سیال اور ڈی پی او راجہ بشارت نے ضلع منڈی بہاؤالدین میں امن اور ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھنے پرتمام مکاتب فکر کے مذہبی رہنماؤں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو اتحاد اور یکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔ آج(جمعرات) علما کرام کے ایک وفد سے ملاقات میں انہوں نے کہا ہم سب کو عہد کرنا ہو گا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اسلامی احکامات اور آئین پاکستان کی دفعات پر عملدرآمد کریں گے۔ ڈی سی او نے علماء سے اپیل کی کہ وہ نفرت انگیز سوچ کی نفی جبکہ محبت و اخوت کا پرچار کریں ۔ کچھ طاقتوں نے منڈی بہاؤالدین کی روایتی پر امن شناخت کو بدنام کرنے کی کوشش کی جو ضلعی انتظامیہ کی بر وقت مداخلت اور تمام مکاتب فکر کے رہنماؤں کی مدد سے ناکام بنا دی گئی۔ ڈی پی او نے کہا کہ علماء نے ہر مرحلے پر قیام امن کے لئے تعاون کیا اور امید ہے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں وہ آئندہ بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ وفد میں شامل عالم دین عبدالرشید طاہر، نصر اقبال وڑائچ، خادم علی قادری، افضال قادری اور قاری معظم نعیم قادری نے یقین دلایا کہ بین العقائد ہم آہنگی کے فروغ کیلئے انتظامیہ کا ساتھ دیں گے اور جو عناصر مخصوص مفادات کیلئے کام کر رہے ہیں انکے عزائم کو ناکام بنا دیا جائے گا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں