طلبا خود قانون کی پابندی کریں اور شہریوں کی تربیت میں بھی پولیس کا دست وبازو بنیں

Traffic lecture

ون ویلنگ موت کا دوسرا نام ،غلط پارکنگ سب سے بڑا ٹریفک مسئلہ ہے، آصف ظفر چیمہ
طلبا خود قانون کی پابندی کریں اور شہریوں کی تربیت میں بھی پولیس کا دست وبازو بنیں،ایس ایس پی ٹریفک گوجرانوالہ کا سیمینار سے خطاب
نوجوان موٹرسائیکل پر 2سے زائد افراد سوار کرنے سے گریز ،ہیلمٹ کا استعمال ضرور کریں،ڈی ایس پی نعیم چیمہ،آگاہی واک بھی کی گئی

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ایس ایس پی ٹریفک پولیس گوجرانوالہ ڈویژن محمد آصف ظفر چیمہ نے کہا ہے کہ ون ویلنگ موت کا دوسرا نام ہے۔ غلط پارکنگ آج کا سب سے بڑا ٹریفک مسئلہ ہے۔ طلبا نہ صرف خود قانون کی پابندی کریں بلکہ شہریوں کی تربیت میں پولیس کا دست وبازو بنیں۔ آج (بدھ) یہاں مقامی کالج میں طلبا کوٹریفک قوانین پرلیکچر دیتے ہوئے انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں روڈ حادثات میں ہوتی ہیں اور اس کی بڑی وجہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک منڈی بہاؤالدین نعیم احمد چیمہ،انسپکٹر پرویز اختر گوندل،پی آراو بلال ثاقب،پرنسپل کالج حفیظ احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی موجودگی میں قانون کا احترام بڑی بات نہیں اصل شعور تب ظاہر ہوگا جب کسی سزا کے ڈر کے بغیر شہری اشاروں اور دیگر قوانین کا احترام کریں گے۔ ڈی ایس پی نعیم احمد چیمہ نے کہا کہ نوجوان موٹرسائیکل پر 2سے زائد افراد سوار کرنے سے گریز کریں اور ہیلمٹ ضرور استعمال کریں۔پرنسپل حفیظ احمد اور پرویز اختر گوندل نے طلبا کو ٹریفک قوانین پر معلومات فراہم کیں۔ بعدازاں ایس ایس پی آصف ظفر چیمہ کی قیادت میں کالج سے ست سرا چوک تک آگاہی واک بھی نکالی گئی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں