چک 44میں کشیدگی کا تاثر بالکل غلط ، امن وامان کی فضا مکمل برقرار ہے،ڈی سی او ،ڈی پی او

Bain Ul Aqaid meeting
چک 44میں کشیدگی کا تاثر بالکل غلط ، امن وامان کی فضا مکمل برقرار ہے،ڈی سی او ،ڈی پی او منڈی بہاؤالدین
بعض رپورٹوں میں ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی گئی،مظفر خان سیال، متحدہوکر انتشارپسند عناصر کو ناکام بنایا جائے گا،مذہبی رہنماؤں کا عزم
چک کے رہائشیوں نے یکجان ہوکر شرپسندی کو مسترد کردیا ،راجہ بشارت محمود، اقلیتی برادری کے کسی فردنے نقل مکانی نہیں کی،مسیحی رہنما

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈی سی او مظفر خان سیال اور ڈی پی او راجہ بشارت محمود نے کہا ہے کہ ضلع منڈی بہاؤالدین میں امن وامان کی روایتی فضا مکمل برقرار ہے اورنواحی چک 44میں کشیدگی کا تاثر بالکل غلط ہے۔ضلعی انتظامیہ کسی کو بھی ہم آہنگی کی فضا خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ وہ ضلعی بین العقائد ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ممتاز علما کرام، ذاکرین، مسیحی رہنماؤں اور نمائندہ تاجر شخصیات نے متفقہ طور پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ متحد ہوکر انتشارپسند عناصر کو ناکام بنایا جائے گا۔ اس موقع پرچک 44 کے مسیحی اور مسلمان عمائدین بھی موجود تھے جنہوں نے واضح طور کہا کہ گاؤں میں صورتحال معمول کے مطابق چل رہی ہے۔چک 44کے رہائشی اسحاق مسیح،اقبال مسیح،یعقوب مسیح اور ضلعی مسیحی رہنما سیموئیل صائم نے اس تاثر کو مسترد کیا ہے کہ گاؤں سے اقلیتی برادری کے کسی فردنے نقل مکانی کی۔ ڈی سی او نے کہا کہ بعض رپورٹوں میں ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی گئی لیکن درحقیقت چک 44میں مذہبی ہم آہنگی کی مکمل فضا پائی جاتی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کاشف رضا نے خود چک کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈی پی او راجہ بشارت نے کہا کہ گاؤں کے صرف ایک شخص نے ذاتی مقاصد کیلئے شرپسندی کی کوشش کی لیکن اب وہ خود روپوش ہے۔ اﷲ کے فضل سے چک کے رہائشیوں نے یک جان ہوکر اس شرپسند کی حرکات کو مسترد کردیا ہے۔ڈ ی سی او ،ڈی پی او منڈی بہاؤالدین نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ حساس نوعیت کے معاملات میں رپورٹنگ کرتے ہوئے توازن کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑے۔ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں