ملازمت پیشہ خواتین کو باشعور معاشرے کی طرح با وقار مقام دیا جائے،حمیدہ وحیدالدین

Women protect seminar
ملازمت پیشہ خواتین کو باشعور معاشرے کی طرح با وقار مقام دیا جائے،حمیدہ وحیدالدین
قانون موجود ہے مسئلہ صرف خواتین کو اعتماد دینے اور ان میں اپنا حق حاصل کرنے کا حوصلہ پیدا کرنے کا ہے،صوبائی وزیر کا سیمینار سے خطاب
خواتین اپنی شکایات بلا خوف درج کرائیں، کارروائی ہو گی،فرخندہ وسیم افضل، خواتین کسی بھی ضلعی افسر کو شکایت پیش کر سکتی ہیں،افضال وڑائچ

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) صوبائی وزیر ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ ملازمت پیشہ خواتین کو باشعور معاشرے کی طرح با وقار مقام دیا جائے۔ خواتین کو جائے ملازمت پر ہر قسم کے امتیازی سلوک اور ہراسگی سے پاک ماحول کی فراہمی کے قانون کا موثر نفاذ یقینی بنایا جائے گا جبکہ خاتون محتسب پنجاب فرخندہ وسیم افضل نے کہا کہ خواتین اپنی شکایات بلا خوف و خطر درج کرائیں، فوری کارروائی ہو گی۔ وہ آج (جمعۃ المبارک) یہاں خاتون محتسب پنجاب اور سماجی تنظیم’’وائز‘‘ کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔ جس کا مقصد ملازمت پیشہ خواتین کو جنسی ہراسگی کے خلاف قانون سے آگاہ کرنا تھا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ قانون موجود ہے لیکن مسئلہ صرف خواتین کو اعتماد دینے اور ان میں اپنا حق حاصل کرنے کا حوصلہ پیدا کرنے کا ہے۔ سماجی تنظیموں، حکومتی محکموں اور ممتاز خواتین کی مدد سے خواتین میں آگاہی کی مہم کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ فرخندہ وسیم افضل نے کہا کہ خواتین کی کردار کشی ، ان پر جملے کسنا اور اپنی طرف مائل کرنا بھی ہراسگی کے زمرے میں آتا ہے۔ تمام سرکاری اور نجی ادارے داخلی دروازے پر ایک فلیکس یا بینر آویزاں کریں جس پر درج ہو کہ یہاں ملازم خواتین کی شکایات سننے کے لئے کمیٹی موجود ہے۔ خواتین براہ راست بھی خاتون محتسب سے رجوع کر سکتی ہیں۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹرافضال احمد وڑائچ نے کہا کہ موجودہ قانون اسلامی ضابطے سے مکمل ہم آہنگ ہے۔ ملازمت پیشہ خواتین ضلعی انتظامیہ کے کسی بھی افسر کو اپنی شکایت پیش کر سکتی ہیں ۔ یہ قانون خواتین کے تحفظ کیلئے بنایا گیا ہے لیکن اس کو کسی کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔’’ وائز ‘‘کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر بشریٰ خالق نے پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے منڈی بہاؤالدین میں خواتین کی آگاہی کی 3روزہ مہم چلائی گئی۔ میڈیا نے بھی اس ضمن میں بھر پور کردار ادا کیا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں