30جون قریب آگیا،ضلعی زکوٰۃ کمیٹی کی تشکیل نو ہوئی،مستحقین زکوٰۃ کی امیدیں دم توڑنے لگیں

ghareeb poor children population
ملک وال(نامہ نگار) تین سال گزر گئے ،ضلع منڈی بہاؤالدین کے مستحقین زکوٰۃ کی امیدیں دم توڑنے لگیں ، 30جون قریب آگیا مگرضلعی زکوٰۃ کمیٹی کی تشکیل نو ہوئی اور نہ مقامی زکوٰۃ کمیٹیوں کے انتخابات ہوئے جس کی وجہ سے مسلسل تیسری دفعہ کروڑوں روپے کا زکوٰۃ فنڈ واپس جانے کا خدشہ ہے ،گزشتہ دوسالوں کی طرح مالی سال 2015-16میں بھی ضلع بھر کے ہزاروں مستحقین زکوٰۃ، گزارا لاؤنس، نابینا لاؤنس، غریب طلباء و طالبات مورا وظائف سے اور درجنوں بچیاں جہیز فنڈ سے محروم، ن لیگی ارکان اسمبلی کو صرف اپنے مسائل سے غرض ،نادار افراد کی مالی امداد نہ ملنے پر کسی سیاسی شخصیت کو کوئی احساس نہیں ہے، گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے پرضلع منڈٰی بہاؤالدین کے ہزاروں مستحقین زکوٰۃ کی موجودہ حکومت کو بددعائیں دینے پر مجبور ہیں ۔ ضلع منڈی بہاؤالدین اس لحاط سے ہزاروں نادار ، مستحق گھرانوں کیلئے بدقسمتی کا حامل ہے کہ یہاں گزشتہ 3سال سے سرکاری طور پر تقسیم زکوٰہ کا کام بند ہے اس کی وجہ یہ ہے فروری2013کے بعد تاحال ضلع زکوٰۃ کمیٹی کی تشکیل نو نہ ہوسکی جس کی وجہ سے گزشتہ دو سالوں سے کروڑوں روپے کا زکوٰۃ فنڈ ہر30جون کو واپس چلاجاتا ہے اس مالی سال 2015-16کو بھی نئی زکوٰۃکمیٹی نہ بن سکی اور30جون بالکل قریب آگیا ہے جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ کروڑوں روپے کا زکوٰہ فنڈ واپس چلا جائے گا۔ اس وجہ سے ضلع بھر کی ہزاروں غریب بیوائیں، ضعیف، معذور، یتیم،ماہانہ گزارا الاؤنس سے، سینکڑوں نادار گھرانوں کے کالجز میں پڑھنے والے طلباء و طالبات مالی وظائف سے، درجنوں وہ بچیاں جو جہیز نہ ہونے کی وجہ سے شادی کی منتظر ہیں جہیزفنڈ سے، نادار مریض علاج سے اور سینکڑوں نابینا افراد نابینا الاؤنس سے محروم رہ جائیں گے ، ضلع بھر کے ن لیگی ارکان اسمبلی کی عدم دلچسپی اس بات سے صاف واضح ہوتی ہے کی متعدد مرتبہ میڈیا کی طرف سے ضلع زکوٰۃ کمیٹی منڈی بہاؤالدین کی عدم تشکیل اور400مقامی زکوٰۃ کمیٹیوں کے انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال زکوٰۃ فنڈ باقاعدگی سے واپس جارہا ہے مگر ان کے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگی، جبکہ ضلع بھر کے ہزاروں مستحقین زکوٰۃ اپنے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے پر موجودہ حکومت سے نالاں ہیں اور ان کو بددعائیں دے رہے ہیں ، ضلع منڈی بہاؤالدین کی عوامی، سماجی، رفاہی تنظیموں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور منڈی بہاؤالدین میں زکوٰۃ کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ ان ہزاروں مستحقین زکوٰۃ کو ریلیف مل سکے۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں