منڈی بہاؤالدین میں پولیو مہم 23مئی سے شروع ہو گی،677ٹیموں کی تشکیل 2لاکھ 46ہزار بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف

Polio Meeting
منڈی بہاؤالدین میں انسداد پولیو مہم 23مئی سے شروع ہو گی،677ٹیموں کی تشکیل
2لاکھ 46ہزار بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف ، حسب روایت انسداد پولیو مہم قومی جذبے کے ساتھ چلائی جائے گی،ڈی سی او مظفر خان سیال

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ضلع منڈی بہاؤالدین میں 3روزہ انسداد پولیو مہم 23مئی سے شروع ہو گی ۔ جس کے لئے 2لاکھ 46ہزار بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مہم کے دوران 677ٹیمیں گھر گھر جا کر قطرے پلائیں گی۔ اس سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی سی او مظفر خان سیال نے کہا کہ حسب روایت انسداد پولیو مہم قومی جذبے کے ساتھ چلائی جائے گی۔ قوم کے نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کا ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔ کسی قسم کی غفلت اور سستی کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تینوں اسسٹنٹ کمشنرز مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کریں۔ ہر یونین کونسل میں پولیس موبائل گشت کرے گی جبکہ ہر ٹیم کے ساتھ ایک پولیس اہلکار بھی جائے گا۔ اچھی کارکردگی پر اظہار ستائش کے سرٹیفکیٹ دئیے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ای ڈی او ایجوکیشن سکولوں میں جبکہ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر میڈیا میں بھر پور آگاہی مہم چلائیں۔بالخصوص بھٹہ مزدوروں کے بچوں اور دیگر اضلاع سے آنے والوں کو ضرور ویکسین پلائی جائے۔ ڈی سی او نے اجلاس میں بعض افسروں کی عدم موجودگی پر نا پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے وضاحت بھی طلب کر لی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں