کئی کئی گھنٹوں کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری،عوام بے حال، کوئی پوچھنے والانہیں

Loadsheding bulb light
ملک وال(نامہ نگار) زمانہ بدل گیامگر گوجرہ کے واپڈا اہلکاروں کی رِیت نہ بدلی، کئی کئی گھنٹوں کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری، ہفتہ کے روز شدید گرمی میں آٹھ گھنٹے مسلسل بجلی بند، عوام بے حال، کوئی پوچھنے والانہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل ملک وال کے علاقہ میں گیپکو کے سب ڈویژن گوجرہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر ہے۔ ایسی صورت حال میں کہ جب درجہ حرارت 38ڈگری سینٹی گریڈسے بڑھ چکا ہے، مذکورہ علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی بڑھتا ہی چلا جا رہا ہے جبکہ لائن مین اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کی ہٹ دھرمی کایہ عالم ہے کہ لائن میں معمولی فالٹ آ جانے کی صورت میں صارفین کو پہروں بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ منیر، ذکی، انور سمیت دیگر نے بتایا کہ ہفتہ کے روز گیپکو کے سب ڈویژن گوجرہ کے فیڈر گوہڑ شریف کے علاقوں میں لائن میں معمولی فالٹ آ جانے سے صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک مسلسل بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا، مزید یہ کہ ایس ڈی او اورلائن مین سے رابطہ کرنے کی صورت میں محض طفل تسلیوں پر ٹرخا دیا جاتا رہا۔اہل علاقہ نے گیپکو چیف سے سخت نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں