پاکستان طویل المدت معاشی ترقی کے اہداف تیزی سے حاصل کر رہا ہے، امریکی جریدہ

business price

نیویارک: مختلف ممالک کے معاشی اہداف پر نظر رکھنے والے عالمی جریدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں طویل المدت معاشی ترقی کی صلاحیت موجود ہے اور یہ اپنے اہداف تیزی سے حاصل کر رہا ہے۔

عالمی معتبرامریکی جریدے بیرنز نے پاکستان کی معاشی ترقی سے متعلق حوصلہ افزا رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق پاکستان طویل المدت معاشی ترقی کے اہداف تیزی سے حاصل کر رہا ہے اور اس کی سالانہ شرح نمو 4.5 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ جریدے نے اپنی رپورٹ میں موجودہ حکومت کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کرتے ہوئے پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کررہا ہے جب کہ پاکستان آہستہ مگر مستحکم معیشت کی جانب گامزن ہے اور اداروں کی نج کاری کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سے سرمایہ کاری کی ریل پیل ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چین کی جانب سے کی گئی سرمایہ کاری اور خاص طور پر توانائی کے شعبے میں طویل المدت سرمایہ کاری سے بھی پاکستان کی معیشت کو استحکام ملے گا جب کہ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ 2018 تک پاکستان میں بینک قرضوں کی واپسی 25 فیصد تک پہنچ جائے گی جو کہ 2013 تک صرف 17 فیصد تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  پاکستان کی آبادی 19 کروڑ  ہے جس میں آدھی سے زائد آبادی 25 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے جو کہ کسی بھی ملک کی معاشی صلاحیت کو مستحکم کرنے کی بنیاد ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں