خیبر بینک کے پی کے کے بعد ضلع منڈی بہاؤالدین سے کسان بورڈ کی کاوشوں سے قرضہ جات کی فراہمی کو ممکن بنائے گا

kisan
ملک وال( نامہ نگار ) خیبر بینک کے تعاون سے بلاسود قرضہ جات فراہم کرکے شعبہ زراعت کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے ۔ خیبر بینک کے پی کے کے بعد پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین سے کسان بورڈ کی کاوشوں سے قرضہ جات کی فراہمی کو ممکن بنائے گا ۔ بلاسود قرضوں کا اجراء شعبہ زراعت کی دن بدن بگڑتی ہوئی حالت اور کاشتکاروں کی دن بدن ختم ہوتی قوت خرید کو بڑا سہارا دے گا ۔ کاشتکار اپنے رقبے کی پاس بک اور دیگر اصل دستاویزات کے ذریعے بینک آفیسر اور مقامی کاشتکاروں کی کمیٹی کا جوائنٹ اکاؤنٹ کھولا جائے گا جس میں کاشتکار کو کھاد‘ بیج ‘ ڈیزل ‘ زرعی ادویات ‘ زرعی مشینری اور ان کی ضرورت کی ہر چیز اس کمیٹی اور اکاؤنٹ سے حاصل کرسکے گا جبکہ لیبر کے حوالے سے اسے نقد کیش دی جائے گی ، ان خیالات کا اظہار کسان بورڈ پاکستان کے سابق صدر چوہدری امداد علی اور ضلعی چیئرمین محمد ریاض وڑائچ نے دھریکاں کلاں میں خیبر بینک اور کسان بورڈ کے اشتراک سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تفصیلات کیمطابق خیبر بینک ‘ کسان بورڈ اور کسان اتحاد کے زیر اہتمام دھریکاں کلاں میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ضلع بھر سے کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کسان بورڈ کے رہنماؤں محمد اکرم گوندل ‘ حافظ معظم محمود گوندل ‘ ممتاز احمد سپراء ‘ نصر گوندل نے کہا کہ خیبر بینک کا تعاون شعبہ زراعت کیلئے آکسیجن سے کم نہیں اس سے زراعت کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے میں بہت مدد ملے گی جس کا فائدہ بالخصوص عام کاشتکار کو ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ قرضہ حاصل کرنے کیلئے کاشتکار اپنی مقامی کمیٹی کے ذریعے فارم مکمل کرکے کسی بھی فصل کیلئے کھاد‘ بیج ‘ زرعی ادویات سمیت دیگر اشیاء حاصل کرسکتے ہیں اس نظام سے کسی بھی کاشتکار کو اپنی ضرور ی اشیاء کی من و عن قیمت بغیر مارک اپ کے آسان اقساط میں ادا کرنا ہوں گی ۔ اس موقع پر خیبر بینک کی طرف سے قرضہ جات حاصل کرنے کے خواہش مند کاشتکاروں میں فارم بھی تقسیم کئے گئے ۔ کسان بورڈ کے ضلعی سیکرٹڑی اطلاعات نصر گوندل نے کہا کہ اگر کسی بھی کسان کو فارم کے حصول میں کوئی دشواری ہو تو وہ ان سے رابطہ کر سکتا ہے۔۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں